نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی زیرصدارت پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی

نیول چیف کا موجودہ میری ٹائم چیلنجز بشمول سی پیک منصوبے ،گوادر بندر گاہ کی میری ٹائم سکیورٹی جیسے پہلوئوں سے نبردآزما ہونے کیلئے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار حربہ نیول کروز میزائل کی مقامی سطح پر تیاری پاک بحریہ کے خودانحصاری منزل کے حصول کا مظہر ہے،ایڈمرل ظفر محمود عباسی

بدھ 10 جنوری 2018 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2018ء) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کوپا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میں چیفس آف اسٹاف، تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی دفاعی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔

کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں،موجودہ سکیورٹی صورت حال اورٹروپس کی ٹریننگ و فلاح سے متعلق مختلف اٴْمور کا جائزہ لیا گیا۔چیف آف دی نیول سٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹا ف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستان کے قیمتی میری ٹائم انفراسٹرکچرکے بحری دفاع اورقومی میری ٹائم اثاثوں کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے عزمِ صمیم کا اظہار کرتے ہوئے نیول چیف نے ہر قسم کے خطرات اور چیلنجزسے نبرد آزما ہوتے ہوئے پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے لئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اورپختہ عہد کو دہرایا۔انہوں نے ملکی ساختہ نیول کروز میزائل حربہ کی کامیاب فائرنگ کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ حربہ نیول کروز میزائل کی مقامی سطح پر تیاری پاک بحریہ کے خودانحصاری منزل کے حصول کا مظہر ہے اور حربہ میزائل پاکستان نیوی فلیٹ کی حربی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا باعث ہو گا۔ نیول چیف نے موجودہ میری ٹائم چیلنجز بشمول سی پیک منصوبے اور گوادر بندر گاہ کی میری ٹائم سیکیورٹی جیسے پہلوئوں سے نبردآزما ہونے کیلئے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاک بحریہ کے ٹروپس کے بلند جذبے اور لگن کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :