وزیر اعلیٰ پنجا ب شہباز شریف غریب دیہی بیوہ خواتین کی فلاح و بہبود منصوبہ

تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کی 99 مستحق خواتین میں قرعہ اندازی کے ذریعے مویشی تقسیم کئے گئے

بدھ 10 جنوری 2018 23:31

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ پنجا ب محمد شہباز شریف کے غریب دیہی بیوہ خواتین کی فلاح و بہبود کے منصوبے کے تحت تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کی 99 مستحق خواتین میں قرعہ اندازی کے ذریعے مویشی تقسیم کئے گئے ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد اعظم چیلہ تھے جبکہ چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال،پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈاکٹر منیر احمد شامی،ڈائریکٹر لائیو سٹاک فارمز ڈاکٹر عبدالرحمن ‘ڈائریکٹر فیصل آباد ڈویژن ڈاکٹر محمد نوازملک، ڈپٹی ڈائریکٹر آر سی سی ایس سی ڈاکٹر نوید نیازی ، ماہرین زراعت و لائیو سٹاک، کاشتکار و زمیندار اور قرعہ اندازی کے ذریعے مفت جانوروں کی حقدار قرار پائی جانیوالی دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی بیوہ اور مستحق خواتین بھی تقریب میں شریک تھیں۔

(جاری ہے)

ایم پی اے میاں محمد اعظم چیلہ نے مویشی حاصل کرنے والی خواتین کو مبارکباد دی اورکہا کہ بیوہ خواتین میں دودھ دینے والے جانوروں کی مفت تقسیم حکومت پنجاب کا انقلامی قدم ہے جس کی بدولت ان خاندانوںکی معاشی مشکلات میں کمی آئے گی ۔ انہوں نے جانوروں کی شفاف تقسیم کے سلسلے میں محکمہ لائیو سٹاک کے اقدامات کو سراہا ۔ ڈا ئریکٹر لائیو سٹاک فارمز پنجاب ڈاکٹر عبدالرحمن نے مہمانوں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی بیوہ اور مستحق خواتین کو مفت پالتو جانور فراہم کرکے انہیں مالی طورپر مستحکم کرنے کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انقلابی پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیااور کہا کہ حالیہ مرحلہ کے تحت تحصیل اٹھارہ ہزاری میں 99 مختلف پالتو اور دودھ دینے والے جانور باقاعدہ قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب دیہاتی خواتین میں تقسیم کئے گئے ہیں ۔

چیئر مین ضلع کونسل بابر علی خان سیال نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا غریب بیوہ اور مستحق دیہی خواتین کو مالی طورپر خوشحال بنانے کے پروگرام کے تحت پالتواور ددوھ دینے والے مویشیوں کی مفت تقسیم کا سلسلہ خوش آئند اقدام ہے ۔انہوںنے کہا کہ جن خوش نصیب خواتین کو مفت جانور فراہم کئے گئے ہیں انہیں جانوروں کی خوراک و افزائش کے حوالہ سے ضلعی سطح پر محکمہ لائیو سٹاک کیطرف سے بھرپور معاونت فراہم کی جائیگی۔