آصف علی زرداری کی قصور میں سات سالہ معصوم بچی کے اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کی شدید مذمت

یہ ناقابل معافی اور گھنائونا جرم ہے، جرم کے مرتکب درندوں کو گرفتار کرکے انصاف میں کٹہرے میں لا کر سزا دلوائی جائے،پاکستان پیپلزپارٹی غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے، پارٹی کے رہنما، عہدیداراور کارکن مظلوم خاندان کی ہر ممکن قانونی اور اخلاقی مدد کریں،سابق صدر کا معصوم بچی کے والدین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار

بدھ 10 جنوری 2018 23:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2018ء) سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے قصور میں سات سالہ معصوم بچی کے اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ناقابل معافی اور گھنائونا جرم ہے۔ جرم کے مرتکب درندوں کو گرفتار کرکے انصاف میں کٹہرے میں لا کر سزا دلوائی جائے۔

آصف علی زرداری نے معصوم بچی کے والدین سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے پارٹی کے رہنمائوں، عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ مظلوم خاندان کی ہر ممکن قانونی اور اخلاقی مدد کریں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس وحشیانہ واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سات سالہ زینب کا قتل شریفوں کے اقتدار کے منہ پر طمانچہ ہے۔

(جاری ہے)

شریفوں کی حکومت اس طرح کے واقعات کو ہمیشہ نظرانداز کرتی رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ سال کے دوران قصور میں دس اور شیخوپورہ میں اس طرح کے گیارہ واقعات ہوئے۔ ایسا لگتا ہے کہ پنجاب کے کچھ علاقے بچوں خصوصاً بچیوں کے لئے جہنم بنا دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا بچوں سے زیادتی اور قتل میں ملوث مجرم قطعی طور پر معافی کے قابل نہیں۔

آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے فیصل آباد میں بھی ایک طالب علم کے ساتھ پیش آنے والے اور اس کے بعد قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے کہا کہ وہ مجرموں سے نرم رویہ چھوڑ کر مظلوم خاندانوں کو انصاف دلانے کے لئے کردار ادا کریں۔ اس کے علاوہ پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری سید نیر حسین بخاری نے بھی قصور کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن بات یہ ہے کہ مظلوموں کو انصاف دلانے کی بجائے اس وحشیانہ واقعے کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے خلاف پولیس کی طاقت کو استعمال کیا گیا جس کی وجہ سے دو معصوم انسانوں کی جانیں ضائع ہوگئیں۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ سلطنت رائے ونڈ ظلم و جبر اور ناانصافی کی علامت بن چکی ہے۔