کراچی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی زون کی ملاقات

ملاقات میں گلشن معمار کے دیرینہ مسائل خصوصاً کے الیکٹرک اور معمار ہاؤسنگ کے درمیان ایم او یو ، صفائی ستھرائی ،مکانات کی الاٹمنٹ اور سیکورٹی کے مسائل سے آگاہ کیا

بدھ 10 جنوری 2018 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں امیر جماعت اسلامی زون گلشن معمار رضوان شاہ کی قیادت میں گلشن معمار کے مسائل کے حوالے سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں گلشن معمار کے دیرینہ مسائل خصوصاً کے الیکٹرک اور معمار ہاؤسنگ کے درمیان ایم او یو ، صفائی ستھرائی ،مکانات کی الاٹمنٹ اور سیکورٹی کے مسائل سے آگاہ کیا ۔

اس موقع پر سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، ڈپٹی سکریٹری کراچی و صدر پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔ وفد میں قیم زون گلشن معمار ابوالخیر، صدر پبلک ایڈ کمیٹی معمار ابو ضیاء ، ناظم علاقہ عاطف اللہ والا اور دیگر بھی شامل تھے ۔وفد نے بتایا کہ کے الیکٹرک اورمعمار انتظامیہ میٹر لگانے کی مد میں پیسے بٹورنے میں مصروف ہے ، ان دونوں کی ملی بھگت نے علاقہ مکینوں کاجینا مشکل کردیا ہے جس سے کاروباری طبقہ بڑی حد تک متاثر ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

وفد نے ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو گلشن معما ر آنے کی دعوت دی جس پر حافظ نعیم الرحمن نے دعوت قبول کی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہم کے الیکٹرک اور گلشن معمار کی انتظامیہ کی عوام سے پیسے بٹورنے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اور معمار انتظامیہ گلشن معمار کے مکینوں کے ساتھ اپنا رویہ درست کریں اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں ۔

جماعت اسلامی گلشن معمار کے مکینوں کے ساتھ ہے اور ہر سطح پر ان کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ معمار انتظامیہ صفائی و ستھرائی اور سیوریج کی خراب حالت اور سیکورٹی کے بد ترین نظام کو فوری طور پر حل کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔#