پاکستان اور امریکہ کے درمیان موجود خلا کو پر کرنے کی ضرورت ہے، ڈاکٹر محمد فیصل

افغان پناہ گزینوں کی پاکستان سے آبائی وطن واپسی کیلئے امریکہ سمیت عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہئے، دہشت گردی کی سرگرمیاں افغان سرزمین سے جاری ہیں ،یہی عناصر یہاں بدامنی پیدا کرنے میں بھی ملوث ہیں، ترجمان دفتر خارجہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 10 جنوری 2018 23:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2018ء) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ اہداف کے حصول کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موجود خلا کو پر کرنے کی ضرورت ہے۔ افغان پناہ گزینوں کی پاکستان سے ان کے آبائی وطن واپسی کیلئے امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری کو کردار ادا کرنا چاہئے، دہشت گردی کی سرگرمیاں افغان سرزمین سے جاری ہیں ،یہی عناصر یہاں بدامنی پیدا کرنے میں بھی ملوث ہیں۔

بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹویٹ کے بعد پیدا ہونیوالے خلا کے خاتمے کیلئے متفقہ حل تلاش کرنا ضروری ہے جس کیلئے دونوں ممالک کو آگے بڑھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار جاری رکھنے کیلئے چین اور ترکی سمیت دیگر ممالک نے بھی پاکستان کے حق میں بیانات جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ان تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے اپنے جرم کا خود اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جاسوسی کیساتھ تعلق میں ملوث دیگر مزید لوگوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مسئلے کو تمام دستیاب بین الاقوامی فورمز پر اجاگر بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان پناہ گزینوں کی پاکستان سے ان کے آبائی وطن واپسی کیلئے امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری کو کردار ادا کرناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی سرگرمیاں افغان سرزمین سے جاری ہیں اور یہی عناصر یہاں بدامنی پیدا کرنے میں بھی ملوث ہیں۔