عوام غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ سے ذہنی اذیت کا شکار ہیں ،ڈاکٹر عارف علوی

شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے مسائل جلد سے جلد حل کیے جائیں، صدر پی ٹی آئی سندھ

بدھ 10 جنوری 2018 23:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ورکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے حلقہ انتخاب NA250 میں کے الیکٹرک کے وفد کے ہمراہ مختلف علاقوں بشمول ہجرت کالونی، نیلم کالونی، بزرٹہ لین، ریلوے کالونی اور صدر کا دورہ کیا اور حلقے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے مسائل سے انہیں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اس موقعے پر ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ عوام غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ سے ذہنی اذیت کا شکار ہیں جس پر ہم متعدد بار کے الیکٹرک کو ان مسائل سے آگاہ کرچکے ہیں ۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا بڑھتا ہوا دورانیہ اور اس پر بھاری بھرکم اوور بلنگ شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔ کے الیکٹرک اِس مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے پر توجہ دے۔

(جاری ہے)

بجلی کی لوڈشیڈنگ سے علاقہ مکینوں کے ساتھ ساتھ تاجروں اور دکانداروں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث کاروبار انتہائی متاثر ہو رہا ہے۔ کے الیکٹرک نے اب تک نئے میٹرز کی تنصیب کا عمل بھی مکمل نہیں کیا ہے جس کے باعث میٹر ریڈنگ درست نہ ہونے سے شہریوں پر اوور بلنگ کا پہا ڑ توڑا جا رہا ہے۔ اس موقعے پر کے الیکٹرک کے وفد نے ڈاکٹر عارف علوی کو مسائل کے حل سے تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے اس بات کا یقین دلایا کہ کے الیکٹرک جلد از جلد یہ مسائل حل کرے گی جن کی نشاندہی ڈاکٹر عارف علوی نے کی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف جلد از جلد اس مسئلے کا حل چاہتی ہے اور کے الیکٹرک سے مطالبہ کرتی ہے کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے مسائل جلد سے جلد حل کیے جائیں۔ اس موقعے پر ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ پی ٹی آئی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات الیاس شیخ، افتخار فاروقی، طاہر ملک اور دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :