بلاول بھٹو زرداری قصور میں 7 سالہ معصوم بچی زینب کا زیادتی کے بعد وحشیانہ قتل کو صدمہ انگیز اور شریفوں کی حکومت کے منہ پر طمانچہ قرار دیدیا

بدھ 10 جنوری 2018 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری قصور میں 7 سالہ معصوم بچی زینب کا زیادتی کے بعد وحشیانہ قتل کو صدمہ انگیز اور شریفوں کی حکومت کے منہ پر تماچہ قرار دیا ہے، جو مسلسل اس طرح کے بھیانک واقعات پر چشم پوشی کرتی رہی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران معصوم بچوں سے زیادتی اور قتل کے قصور میں 10 اور شیخوپورہ میں 11 واقعات پیش آئے۔

جس سے لگتا ہے پنجاب کے کچھ علاقے بچوں اور خصوصا بچیوں کے لیئے دوزخ بنا دیئے گئے ہیں، لیکن بطور حکمران شریف برادران اپنی ذمیداریاں نبھانے سے قاصر نظر آٹے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بچوں سے زیادتی اور قتل کے خونریز واقعات نے معاشرے کو ہِلا کے رکھ دیا ہے اور مذکورہ جرائم میں ملوث مجرموں سے شریف برادران کا نرم رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پی پی پی چیئرمین نے مطالبا کیا کہ بچوں سے زیادتی اور قتل میں ملوث مجرموں کو قانون کے کٹھڑے میں لایا جائے اور ان میں سے کوئی بھی بچ کر جانے نہ پائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کا تحفظ پیپلز پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور بچوں کے خلاف ہونے والے جرائم سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے ان تمام والدین سے ہمدردی کا اظہار کیا جنہوں نے اِس طرح کے اذیت کو جھیلا ہے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے معصوم بچوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف پیپلز پارٹی ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔