امریکہ اپنے ڈالر اپنے پاس رکھے ، قوم کو امریکی ڈالرزکی ضرورت نہیں،

غیرت مند قوم اب جاگ چکی ہے ، ٹرمپ اور اسکے حواریوں کو آقا جاننے والوں کے اب دن گنے جاچکے ہیں ،مشرف سے پائی پائی کا حساب لیں گے، ان کے ہاتھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے شہریوں کے خون سے رنگے ہیںاور اڈیالہ جیل ان کا مقدر ہے ،نواز شریف کی نااہلی کے بعد سپریم کورٹ پانامہ کیس پر کیوں خاموش ہو گئی ،نواز شریف کو اقامہ کی آڑ میں اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کے جرم میں نکالا گیا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا سٹوڈنٹس ٹیلنٹ ایکسپو2018 کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 10 جنوری 2018 22:20

امریکہ اپنے ڈالر اپنے پاس رکھے ، قوم کو امریکی ڈالرزکی ضرورت نہیں،
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 جنوری2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ٹرمپ اپنے ڈالر اپنے پاس رکھیں ،پاکستانی قوم کو امریکی ڈالرزکی ضرورت نہیں،ہماری قوم ایک غیرت مند قوم ہے ،اور غیرت مند قوم اب جاگ چکی ہے جو اپنے پائوں پر کھڑاہونا جانتی ہے، ٹرمپ اور اسکے حواریوں کو آقا جاننے والوں کے اب دن گنے جاچکے ہیں۔

مشرف سے پائی پائی کا حساب لیں گے ان کے ہاتھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے شہریوں کے خون سے رنگے ہیںاور اڈیالہ جیل ان کا مقدر ہے۔نواز شریف کی نااہلی کے بعد سپریم کورٹ پانامہ کیس پر کیوں خاموش ہوگیاہے،نواز شریف پوچھتے ہیں کہ ان کو کیوں نکالا گیا۔ انہیں اقامہ کی آڑ میں اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کے جرم میں نکالا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے دنیا کے بزدل حکمران بھی پاکستان کو دھمکیاں دے رہے ہیں،ہمارا مقابلہ اسلامی دنیا کی معدنیات پر قبضہ کرنے والی قوتوں اور ریمنڈ ڈیوس اور کلبھوشن یادیوکے آقائوں سے ہے،پاکستان کے نوجوان ہمارا اثاثہ ہے اور یہی نوجوان اس ملک کو قائد اعظم کے تصور کے مطابق اسلامی پاکستان بنانے کی تحریک میں ہراول دستہ ہیں۔

وہ بدھ کو پشاور نشترہال میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام شروع ہونے والے سٹوڈنٹس ٹیلنٹ ایکسپو2018 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے قبل ازیں سٹوڈنٹس ایکسپوکا افتتاح کیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان ،سینئرصوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان،اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے صوبائی ناظم شاہکار عزیز،ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پشاور حسن بشیر نے بھی خطاب کیا ۔

سینیٹرسراج الحق نے اسلامی جمعیت طلبہ خیبرپختونخوا کے ذمہ داران کو عظیم الشان سٹوڈنٹ ٹیلنٹ ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ ہم پاکستان کو قائد کے تصور کے مطابق اسلامی و فلاحی مملکت بنانا چاہتے ہیں اور یہ فلاحی اسلامی مملکت پوری دنیا کیلئے ایک رول ماڈل ہوگا ، یہاں ہر تجربہ کیا گیا ہے اور اب اس ملک کا مقدر اسلامی انقلاب ہے اسلامی نظام کے علاوہ اب دوسرا کوئی ٓپشن نہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے عوام کو مایوس کیا ان حکمرانوں نے مغربی آقائوں کو خوش کرنے کیلئے ہر حد پار کردی لیکن آج پوری دنیا اور باالخصوص پاکستانی عوام دیکھ رہے ہیں کہ مغربی آقائوں کوخوش کرنے کیلئے حکمرانوں نے پاکستانی قوم کوپوری دنیا میں ذلیل و رسوا کردیا ہے انہی حکمرانوں کی وجہ سے ہمارا پاسپورٹ پوری دنیا میں بدنام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان اپنے حکمرانوں سے مایوس ہوچکے ہیں ۔ ہمارے حکمرانوں نے بیت المقدس کے حوالے سے بے غیرتی کا مظاہرہ کیا ہے ، حالانکہ 57 اسلامی ملک متحد ہو جائیں تو بہت بڑی قوت بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم انڈیا کے قبضے سے کشمیر کو آزاد کرائیں گے۔انہوںنے کہاکہ حکمرانوں نے کرپشن سے اپنے بینک بیلنس میں اضافہ کیا ۔ بیرون ملک جائیدادیں بنائیں ،غریب عوام کیلئے مشکلات میں اضافہ کیا اور انہیں غربت،بے روازگاری وبدامنی کے تحفے دیئے ۔

سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ ہم امیروغریب کا فرق ختم کرینگے،حکومت میں آنے کے بعد تعلیم و علاج اور چھت کی فراہمی جیسی سہولیات عوام کو فراہم کرینگے،ہم وی آئی پی کلچرو عیش و عشرت کاخاتمہ کرکے پیسے عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کرینگے ،انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے ساتھی کہتے ہیں کہ آپ یہ اعلانات کرکے پیسے کہاں سے لائیںگے تو آج میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ میں دو دفعہ وزیرخزانہ رہا مجھے پتہ ہے کہ مسئلہ کہاں ہے اور پیسے کیسے آئیں گے۔

صرف چند اداروں میں کرپشن کاخاتمہ ہوجائے تو عوام کو تمام تر سہولیات مل سکتی ہیں ۔انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا ،انہوں نے کہا کہ ہمارے وزرائے تعلیم کے بیٹے بھی اپنے ملک کے تعلیمی اداروں میں نہیں پڑھتے،انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرینگے جس کیلئے ہم نے باقاعدہ ہوم ورک کیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکمران کہتے ہیں کہ عوام کو انصاف نہیں مل رہا۔

تعلیمی اداروں میں تعلیم اور ہسپتالوں میں علاج نہیں لیکن یہ ماننے کو تیار نہیں کہ غربت ،جہالت ، ناانصافی، بدامنی اور بے روزگاری کے اصل ذمہ داروہ خود ہیں ۔ اگر حکمران رہنے والی پارٹیاں چالیس سال حکمرانی کے باوجود ان مسائل کا رونا رو رہی ہیں تو پھر یہ اعتراف بھی کرنا ہوگا کہ اصل مجرم وہی ہیں ۔ جماعت اسلامی کی جدوجہد ملک کو لٹیروں سے نجات دلا کر ایک اسلامی و خوشحال پاکستا ن بنانے کے لیے ہے ۔

دریں اثناء تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے قصور میں لرزہ خیز واقعے کی مذمت اور کہا کہ بچی کے لرزہ خیز قتل سے ہر آنکھ اشکبار ہے،اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،انسانیت سوز واقعہ سے ملک کی عالمی سطح پر بدنامی ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ازجلد واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دیں ۔