جس ملک میں امن ہو وہیں سیاحت فروغ پاتی ہے،

سیاحت کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی اگلے درجے پر ترقی قابل ستائش ہے، ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کا ر لائے جائیں،دہشت گردی کی جنگ میں موثر حکومتی اقدامات کی بدولت پاکستان میں امن قائم ہوا پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور تما م سیاسی لیڈر محب وطن ہیں تو پھر جھگڑا کیسا، جھگڑا باری کا نہیں بلکہ خدمت کا ہو نا چاہیے،خدمت کے لیے جذبے کا ہو نا ضروری ہے ،عہدے یا سیٹ کا ہونا ضروری نہیں ،عبدالستار ایدھی نے بغیر سیٹ اور بغیر عہدے کے خدمت انسانیت کی تابندہ مثال قائم کی گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ کا راولپنڈی میں پی ٹی ڈی سی کے زیر اہتما م سٹی ٹور بس سروس کے افتتاح کے موقع پر خطاب

بدھ 10 جنوری 2018 17:07

جس ملک میں امن ہو وہیں سیاحت فروغ پاتی ہے،
راولپنڈی 10جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2018ء) گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ جس ملک میں امن ہو وہیں سیاحت فروغ پاتی ہے،پاکستان میں دہشت گردی کی جنگ میں موثر حکومتی اقدامات،افواج پاکستان ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں ، سول سوسائٹی اور طلباء کی قربانیوں کے بعد امن قائم ہوا ،سیاحت کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی اگلے درجے پر ترقی قابل ستائش ہے ،ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کا ر لائے جائیں ،پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور تما م سیاسی لیڈر محب وطن ہیں تو پھر جھگڑا کیسا، جھگڑا باری کا نہیں بلکہ خدمت کا ہو نا چاہیے ،خدمت کے لیے جذبے کا ہو نا ضروری ہے ،عہدے یا سیٹ کا ہونا ضروری نہیں ،عبدالستار ایدھی نے بغیر سیٹ اور بغیر عہدے کے خدمت انسانیت کی تابندہ مثال قائم کی ،پاکستان میں ترقی کی مثال دیکھنا ہو تو صرف 2013کا راولپنڈی اور 2018کا راولپنڈی دیکھ لیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے زیر اہتما م سٹی ٹور بس سروس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے جن پر ہمیں اللہ کا شکر گزار ہونا چاہیے لیکن کچھ لوگ ہر وقت پاکستان کے پیچھے پڑے رہتے ہیں ۔ایسے لوگوں کو اپنی سوچ کو مثبت بناتے ہوئے یہ سوچنا چاہیے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور یہ پاکستان ہے تو سیاسی جماعتیں ہیں کیونکہ جب ہم پاکستان کی بات کرتے ہیں تو ہمیں آپس کے اختلافات بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف ملکی ترقی کو مقدم رکھنا ہے ،کسی بھی بد امنی کے حامل ملک میں سیاحت فروغ نہیں پا سکتی ،پاکستان کی فوج ،سول سوسائٹی اور طلباء نے بھی وطن عزیز میں قیام امن کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں ،ہمیں ان قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہاکہ اچھا کام مخالفین بھی کریں تو اس کی تعریف کی جانی چاہیے اور ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے پی ٹی ڈی سی کے اقدامات قابل ستائش ہیں کیونکہ سیاحت کی بدولت وسعت نظری بھی فروغ پاتی ہے ۔گورنر رفیق رجوانہ نے پی ٹی ڈی سی کی جانب سے ڈسکور پاکستان چینل کے قیام کے اعلان کا بھی خیر مقدم کیا اور کہاکہ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے ۔اس موقع پر چیئرمین واسا ضیاء اللہ شاہ ،مسلم لیگی راہنماء ڈاکٹر جمال ناصر ،معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی ،سابق ایئر وائس مارشل فیصل طارق ،شجاع رائل لیموکے سی ای او حاجی احمد ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر دبئی ٹورازم ڈاکٹر قیصر رفیق سمیت دیگر سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ پی ٹی ڈی سی افسران اور سکولوں کے بچے موجود تھے ۔

اس سے قبل ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو قومیں اپنے محسنوں کو بھول جاتی ہیں، وہ تباہ ہو جاتی ہیں،جس لیڈر نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ،ملک میں موٹرویز بنائیں ،پورے ملک میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا کیا وہ لیڈر پاکستان کا محسن نہیں ۔انہوں نے کہاکہ وہ بغیر تنخواہ اعزازی طور پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،ٹورازم کا چینل اور ٹورازم کی الگ پولیس بنائی جائے گی، دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان دنیا میں جنت ہے، پاکستان کے لئے ہر شخص کو اپنے حصے کی شمع جلانا ہو گی،دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج لے کر جائیں گے ،ہیلتھ ،کلچر ،سپورٹس ٹورازم سمیت مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات جاری ہیں ،پاکستان میں سیاحتی اعتبار سے بے شمار مقامات ہیں جن کے ذریعے ملکی سیاحت فروغ پا سکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ ہمیشہ پاکستان کی بات کی ،ایک دن دنیا کو بتائیں گے کہ ھمارا ملک دنیا کا خوبصورت ترین ملک ہے ۔مسلم لیگی ایم این اے ملک ابرار نے کہاکہ سٹی ٹور بس کا آغازخوش آئند ہے اس سے سیاحوں کو سہولیات ملیں گی ۔واضح رہے کہ گاڑیوں کی بڑی تعداد سٹی ٹور بس سروس میں شامل کی گئی ہے ۔ جو فلیشمینز ہوٹل راولپنڈی سے اسلام آباد روانہ ہو ں گی۔

اس بس سروس کا کرایہ لوگوں کی سہولت کیلئے نہایت کم رکھا گیا ہے تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاح سہولت سے استفادہ اٹھا سکیں ۔ راولپنڈی میں افتتاحی تقریب کے اختتام پر بسوں کے قافلے میں سکول کے بچوںکو اسلام آباد کی سیر کروائی گئی جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم چوہدری عبدالغفور خان نے سپر مارکیٹ کے مقام پر اس بس سروس ٹرمینل کا افتتاح بھی کیا ۔