وزیر اعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کے ملازمین کا مطالبہ منظورکرلیا

منگل 9 جنوری 2018 23:20

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کے نچلے درجے کے ملازمین کے پرانے مطالبے کو منظور کرتے ہوئے انہیں نان پروموشنل پوسٹوں پرتعینات کرتے ہوئے انہیں ٹائم اسکیل اور سروس اسٹریکچر گرانٹ کیا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق محکمہ ایری گیشن نے وزیر اعلی سندھ کی ہدایات پر 28971 ملازمین کی ایک سمری بھیجی گئی جوکہ گریڈ 1تاگریڈ13 نان پروموشنل پوسٹوں پر بھرتی ہوئے تھے اور ان کا اگلے گریڈ میں ترقی کے لیے کوئی سروس اسٹریکچر نہیں تھا۔

وزیر اعلی سندھ نے انہیں نہ صرف ٹائم اسکیل دیا بلکہ ان کی ترقی کے حوالے سے سروس اسٹریکچر کی بھی منظوری دی۔ اس منظوری سے محکمہ ایری گیشن کے 28971 ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

(جاری ہے)

اسکیم کے تحت گریڈ 1 کے ملازمین جو 5 سال کی ملازمت مکمل کرچکے ہیں انہیں گریڈ 2 میں ،10 سال ملازمت کرنے والوں کو گریڈ 3 میں، 15 سال ملازمت کرنے والوں کو گریڈ 4 میں اور 20 سال ملازمت کرنے والوں کو گریڈ 5 میں ترقی دی جائے گی اسی طرح گریڈ2 تا گریڈ 14 کے ملازمین کو ان کے پے اسکیل اور ملازمت کے عرصے کے مطابق اگلے گریڈ میں ترقی دی جائے گی۔

وزیر اعلی سندھ کے اس فیصلے سی28971 ملازمین کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے 516.3ملین روپے کا مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ وزیر اعلی سندھ نے محکمہ ایری گیشن کے ان ملازمین جن کو اس تاریخی فیصلے سے فائدہ پہنچے گا کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ایک نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ اپنے محکمے اور اپنے کیرئیرکے لئے کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :