تمام تر افواہوںکے باوجود سینیٹ الیکشن اور عام انتخابات ہوں گے، مریم اورنگزیب

ملک میں جمہوریت اسی طرح مستحکم رہے گی، یہ چاہے کچھ کر لیں ، انتشار پھیلانے والی قوتوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے، میڈیا سے گفتگو

منگل 9 جنوری 2018 23:24

تمام تر افواہوںکے باوجود سینیٹ الیکشن اور عام انتخابات ہوں گے، مریم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2018ء) وزیرمملکت برائے اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تمام تر افواہوںکے باوجود پاکستان میں وقت پر سینیٹ الیکشن اور عام انتخابات ہوں گے، ملک میں جمہوریت اسی طرح مستحکم رہے گی، یہ چاہے کچھ کر لیں انتشار پھیلانے والی قوتوں کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے، ایک منتخب وزیر اعظم کو اقامے کی بنا پر گھر بھیجا گیا اور جس کو سسلین مافیااور گاڈ فادر کہا وہ عدالتوں میں پیش ہو رہا ہے جبکہ ایک شخص کھلے عام منتخب وزیر اعظم، منتخب حکومت اور منتخب وزیر اعلی کو گرانے اور پورے ملک میں انتشار پھیلانے کی دھمکی دیتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہتا ہے کہ اگر استعفی نہ دیا تو میں استعفی لوں گا اور پورے ملک میں انتشار پھیلائوں گا اور اس کے بعد حکومت کو گرائوں گا لیکن کوئی نوٹس نہیں لیا جاتا، وہ کونسی طاقتیں، نامعلوم مافیا اوگارڈ فادر ہیں جو اس طرح سے ان کو خاص مواقع پر کینیڈا سے بلاتے ہیں، بلوچستان میں حکومت گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے تمام نقطوں کو عوام جوڑ کر سجھ سکتے ہیں کہ کہا ہو رہا ہے، ہماری حکومت نے گذشتہ چار سال میں کام کر کے دکھایا ہے، سابق وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ حکومت حب الوطنی سے ملک کے لئے کام کر رہے ہیں، گذشتہ چار سال کے دوران دہشت گردی کے خاتمہ، معیشت کی بحالی، انفراسٹرکچر، سروسز، تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں ہم نے ڈلیور کیا ہے ۔

(جاری ہے)

منگل کو یہاں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پورا پاکستان یہ جانتا ہے کہ اس طرح کے جو واقعات ہوتے ہیں کہ ایک کے بعد دوسرا اور دوسرے کے بعد تیسراواقعہ رونما ہوتا ہے، وہ یہ بات ذہن سے نکال دیں کہ اس طرح انتشار پھیلا کر وہ کسی طرح سے یا کسی چیز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں گے۔اس طرح کا کوئی اقدام پاکستان کے عوام ہونے دیں گے نہ اسے معاف کریں گے۔

یہ سب کو معلوم ہے کہ وہ اشارے پر ایک رات کوبوریا بستر لپیٹ کر کینیڈا سے یہاں تشریف لے آتے ہیں اور دوسرے اشارے پر اپنا بوریا بستر سمیٹ کرکینیڈا واپس چلے جاتے ہیں۔ایک شخص جو کینیڈا کا شہری ہے کینیڈا سے آکر پاکستان میں منتخب حکومت، منتخب وزیر اعظم اور منتخب وزیر اعلیٰ کوگرانے کی دھمکی دیتا ہے، پاکستان کے اداروں اور عوام کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

یہ کام پاکستان کے دشمنوں کا ہے اور اس طرح کی روایات پاکستان میں ختم ہونی چاہییں۔ سابق وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ حکومت حب الوطنی سے ملک کے لئے کام کر رہے ہیں ۔ گذشتہ چار سال کے دوران دہشت گردی کے خاتمہ، معیشت کی بحالی، انفراسٹرکچر، سروسز، تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں ہم نے ڈلیور کیا ہے اور کام کر کے دکھائے ہیں۔اب جو لوگ ایسی باتیں کر رہے ہیں وہ دراصل پاکستان اور پاکستان کے عوام ے دشمن ہیں ۔