عدالت نے شرجیل میمن اور شریک ملزمان کی توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا

نیب کا سندھ اور پنجاب میں الگ الگ رویہ ہے، شرجیل میمن

منگل 9 جنوری 2018 22:32

عدالت نے شرجیل میمن اور شریک ملزمان کی توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جنوری2018ء) محکمہ اطلاعات سندھ میں پانچ ارب 76 کروڑ روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت منگل کو احتساب عدالت میں ہوئی،عدالت نے اربوں روپے کرپشن کے الزام میں گرفتار سندھ کے سابق وزیر شرجیل میمن اور شریک ملزمان کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا،سماعت کے دوران شرجیل میمن اور شریک ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ مرکزی ملزم انعام اکبر کو عدالت نہیں لایا گیا۔

(جاری ہے)

ان کے وکیل نے بتایا کہ انعام اکبر بیمارہیں ، جناح اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے،عدالت نہیں آ سکتے۔ ادھر ملزمان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر نیب نے جواب عدالت میں جمع کروا دیا،جواب میں کہا گیا کہ ملزمان کو عدالت سے نہیں بلکہ عدالت کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی،شرجیل میمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا سندھ اور پنجاب میں الگ الگ رویہ ہے۔ شرجیل میمن نے یہ سوال بھی کیا کہ اسحاق ڈار، نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالے جارہے۔