سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی، اب ’’شریف جونئیر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سے‘سپریم کورٹ کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کابیان دینے والے حکمرانوں کو سمندر میں پھینک دینا چاہیے، پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کا پارٹی کی کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 9 جنوری 2018 22:31

سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جنوری2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی، اب ’’شریف جونیئر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سے‘سپریم کورٹ کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کابیان دینے والے حکمرانوں کو سمندر میں پھینک دینا چاہیے۔

منگل کو عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ اب سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل ’’شریف جونئیر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سی شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہونیوالی سیاسی جماعتوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں ۔

(جاری ہے)

17جنوری کی احتجاجی تاریخ کے متفقہ اعلان سے قاتل حکمرانوں کے ایوانوں میں زلزلہ کی کیفیت ہے۔

17جنوری کے احتجاج میں تمام جماعتوں کی بھرپور شرکت ہو گی۔ جس جمہوریت میں وزیر اعظم سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے فیصلے کو ردی کی ٹوکری میں پھینکنے کا شرمناک بیان دے اور قاتلوں اور لٹیروں کو تحفظ ملے ایسے نظام اور اسکے محافظوں کو اٹھا کر سمندر میں پھینک دینا چاہیے ۔17جنوری سے شروع ہونیوالی احتجاجی تحریک قاتل اعلیٰ اور حواریوں کو انجام کے راستے پر ڈالے گی ۔

سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی ۔گزشتہ دو دہائیوں میں پہلی بار اپوزیشن قیادت ایک میز پر بیٹھی جس کا اعزاز عوامی تحریک کو ملا اتفاق میں برکت کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ،یہ اتفاق برقرار رہا تو ملک سے غاصبوں ،قاتلوں ،چوروں اور لٹیروں کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا ۔ میرا ایمان ہے ظالم نظام کے خلاف بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائیگا ۔

کور کمیٹی کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کرنیکا فیصلہ کیا گیا ۔13جنوری کو عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے ۔سربراہ عوامی تحریک سے گزشتہ روز وائس چیئر مین پنجاب بار کونسل ملک عنایت اللہ اعوان کی قیادت میں سنیئر وکلاء کے ایک وفد نے بھی ملاقات کی وفد میں حاٖفظ ناصر محمود اعوان ایڈووکیٹ ،میاں فیض علی ایڈووکیٹ ممبر پنجاب بار کونسل ،ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ ،یاسر چوہدری ایڈووکیٹ شامل تھے ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نو ر اللہ صدیقی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل ملک عنایت اللہ اعوان نے سانحہ ماڈل ٹائون کے انصاف کیلئے ثابت قدمی کے ساتھ جدوجہد کرنے پر ڈاکٹر محمد طاہر القادری کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ بلا شبہ ملکی تاریخ میں پہلی بار طاقت ور طبقہ کے خلاف جوانمردی کے ساتھ عوامی تحریک کے غریب مگر نڈر اور یمان کی دولت سے مالامال کارکنان نے انصاف کی جنگ لڑی ،جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ کا منظر عام پر آنا مظلوم خاندانوں کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ17جنوری سے شروع ہونیوالا احتجاج انصاف کیلئے ہے اور انصاف کی جدوجہد میں وکلاء برادری شہدائے ماڈل ٹائون کے مظلوم ورثاء کے ساتھ ہے ،انہوں نے سربراہ عوامی تحریک کو یقین دلایا کہ اگر حکمران پر امن احتجاج کے راستے میں رکاوٹ بنے یا ریاستی غنڈہ گردی کی کوشش کی گئی تو اس کا سامنا وکلاء کریں گے۔وکلاء برادری مظلوموں کی ڈھال بنے گی ۔

حکمرانوں نے روایتی مقدمہ بازی کی کوشش کی تو اسکا قانونی سامنا بھی وکلاء کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ بار کے منتخب نمائندے حصول انصاف کی قانونی جدوجہد میں بھی عوامی تحریک کے وکلاء کے ساتھ کھڑے ہوںگے،سربراہ عوامی تحریک نے ملک عنایت اللہ اعوان اور انکے دیگر ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ ہر دور میں وکلاء نے آئین و قانون کی سر بلندی کیلئے بے مثال جدوجہد کی اور لازوال قربانیاں دیں ۔وکلاء برادری کے ہوتے ہوئے کوئی ظالم عوام کے بنیادی آئینی حقوق سلب نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ بڑا شریف اللہ کی گرفت میں آیا۔’’شریف جونیئر ‘‘ مظلوموں کی آہوں کی لپیٹ میں آئے گا اور اب یہ وقت زیادہ دور نہیں ہے۔