طاہرالقادری کی تحریک کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے

لاشوں پر سیاست کی روش افسوسناک ہے، قادری کا کنٹینر شر کی علامت ہے،سیکریٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان ،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

منگل 9 جنوری 2018 22:20

طاہرالقادری کی تحریک کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کی تحریک کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے۔ لاشوں پر سیاست کی روش افسوسناک ہے۔ قادری کا کنٹینر شر کی علامت ہے۔ ملک میں مصنوعی سیاسی بھونچال لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بلوچستان کا بحران جمہوریت مخالف بڑے سیاسی کھیل کا حصہ ہے۔

آئینی اداروں میں لاڈلا ازم ختم کرنا ہو گا۔ جمہوریت کو کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار احتجاجی تحریک چلانے والی جماعتیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

ختم نبوت کا مسئلہ حل ہو چکا ہے اس لئے اب ختم نبوت کے نام پر تحریک چلانا بلا جواز ہے۔ میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں شاہ اویس نورانی نے مزید کہا ہے کہ سیاسی مفادات کے لئے انتشار پیدا کرنے والے ملک دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اس وقت ملک کو انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ طاہر القادری ریموٹ کنٹرول سیاستدان ہیں۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا ہے کہ پاک امریکہ تعلقات عزت نفس کی قیمت پر ناقابل قبول ہیں۔ امریکہ پاکستان کی نہیں پاکستان امریکہ کی مجبوری ہے۔ داخلی و خارجی خطرات سے نبٹنے کے لئے اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ داخلی استحکام وقت کی اہم ضرورت ہے۔