نواب ثنا اللہ زہری کے استعفیٰ کے بعد اگلا وزیراعلیٰ بلوچستان بھی حکمران جماعت ن لیگ سے ہی آنے کا امکان

سردار محمد صالح بھوتانی اور جان محمد جمالی عہدے کے لئے مضبوط امیدوار ہیں ،ْذرائع

منگل 9 جنوری 2018 19:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2018ء) نواب ثنا اللہ زہری کے استعفیٰ کے بعد اگلا وزیراعلیٰ بلوچستان بھی حکمران جماعت ن لیگ سے ہی آنے کا امکان ہے ، سردار محمد صالح بھوتانی اور جان محمد جمالی عہدے کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نواب ثنا اللہ زہری کا استعفیٰ قبول کرلیا ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نئے وزیراعلیٰ کے لئے ن لیگ کی طرف سے 2 امیدواروں کے نام سامنے آئے ہیں میڈیا رپورٹ کے مطابق 2018ء کے انتخابات سے قبل کی باقی مدت کیلئے ن لیگ کی طرف سے سردار محمد صالح بھوتانی اورمیر جان محمد جمالی میں سے کسی ایک کو وزیراعلیٰ بنائے جانے کاامکان ہے ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ صوبے کے اگلے وزیراعلیٰ صالح بھوتانی ہوں گے کیونکہ انہیں اکثریتی اراکین کی حمایت حاصل ہے ۔سردار صالح بھوتانی نے 2007 کے عام انتخابات سے قبل نگراں وزیراعلیٰ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، وہ 2013ء میں پی بی 45 لسبیلہ 2 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے ۔