پاکستان نے امریکہ سے انٹیلی جنس اور دفاع کے شعبے میں تعاون معطل کر دیا ہے‘امریکا پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانا چاہتا ہے۔وزیردفاع خرم دستگیر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 جنوری 2018 16:29

پاکستان نے امریکہ سے انٹیلی جنس اور دفاع کے شعبے میں تعاون معطل کر دیا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 جنوری۔2018ء) وزیردفاع خرم دستگیر نے کہاہے کہ امریکی وزیر دفاع نے خود تسلیم کیا کہ امریکہ افغانستان میں کامیاب نہیں ہو پارہا، پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا جارہا ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو اسلام آباد میں انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیزمیں ایک سیمینار سے خطاب کے موقع پر کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین پارٹنر اور اتحادی ہیں۔پاکستان بھارت سے مسائل کا حل چاہتاہے بھارت کا ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر رویہ تشویشناک ہے، سرحدوں پر2016میں 1300سے زائد باربھارتی اشتعال انگیزیاں ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تعاون کی قیمت مقرر نہیں کرنا چاہتا، قربانیوں کا اعتراف چاہتا ہے بلکہ افغان جنگ پاکستان کی سرزمین پر نہیں لڑنے دیں گے۔

(جاری ہے)

کھربوں ڈالر اور لاکھوں فوجی ڈیڑھ دہائی میں صرف40 فیصد افغانستان پر کنٹرول پاسکے۔وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکہ سے انٹیلی جنس اور دفاع کے شعبے میں تعاون معطل کر دیا ہے۔تاہم امریکہ کو پاکستان کی فضائی حدود اور زمینی راستے استعمال کرنے کی سہولت معطل نہیں کی گئی ہے اور ان سہولتوں کی فراہمی بدستور برقرار ہے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ دونوں ملک صاف گوئی اور کھل کر تمام معاملات پر بات کریں۔

انہوں نے کہا کہ آگے بڑھنے کا راستہ دھمکیوں، نوٹس دینے اور امداد کی معطلی سے ممکن نہیں۔انہوں نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا کہ پاکستان نے اپنی سر زمین سے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کر دی ہیں اور پاکستانی سر زمین سے دہشت گردوں کی باقیات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :