شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی،

توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا قیامت آ رہی تھی کہ ایک شخص جو باہر سے خود آیا اس کو گرفتار کیا گیا،نیب والے دو منٹ صبر کر سکتے تھے،شرجیل میمن کے وکیل کے دلائل نواز شریف اور ان کے بیٹے اس ملک کے شہزادے ہیں، ان کا احتساب شہزادوں جیسا ہی ہو رہا ہے، شہزادوں کی طرح بیرون ملک سفرکرتے ہیں، کوئی نہیں پوچھتا ، شرجیل میمن کی میڈیا سے بات چیت

منگل 9 جنوری 2018 16:51

شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی،
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2018ء) مقامی احتساب عدالت نے سندھ کے سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن و دیگر کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔منگل کو کراچی کی مقامی عدالت میں سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن و دیگر کے خلاف کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، شرجیل میمن کو بکتربند میں احتساب عدالت پہنچایا گیا۔

دوران سماعت شرجیل میمن کے وکلا نے نیب کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے، اب آپ کا اختیار ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری کریں یا ختم، نیب نے توہین عدالت کی ہے، یہ ہمارا نہیں اس کورٹ کے وقار کا معاملہ ہے۔وکیل نے کہاکہ کیا قیامت آ رہی تھی کہ ایک شخص جو باہر سے خود آیا اس کو گرفتار کیا گیا،نیب والے دو منٹ صبر کر سکتے تھے،میرا موکل تو خود اس عدالت میں آکر خود کو پیش کرنا چاہتا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منصور راجپوت کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب اہلکاروں نے لکھا ہے کہ منصور راجپوت کو پاسپورٹ آفس کے قریب سے گرفتار کیا گیا، مگر ٹی وی چینلز کے فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انہیں عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا گیا، نیب کے افسر آصف رضا نے ایک اٹھارہ گریڈ کے افسر کو گریبان سے پکڑ ا یہ کون سا طریقہ ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ نیب نے کوئی توہین عدالت نہیں کی، افسران نے عدالتی احکامات پر عمل کیا، عدالت میں بہت بڑا مجمع تھا، پتہ نہیں چل رہا تھا کہ یہ سب کون ہیں ۔

بعد ازاں عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد کیس کی سماعت اور فیصلہ 18 جنوری تک محفوظ کر لیا۔کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں افسران سے جیل بھرے ہوئے ہیں مگر پنجاب سے گرفتاریاں کیوں نہیں، نیب سندھ کو ہی نشانہ بنارہا ہے۔نواز شریف اور ان کے بیٹے اس ملک کے شہزادے ہیں، ان کا احتساب شہزادوں جیسا ہی ہو رہا ہے، شہزادوں کی طرح بیرون ملک سفرکرتے ہیں، کوئی نہیں پوچھتا اور شہزادوں کی طرح پیش بھی ہورہے ہیں۔

وزیراعلی بلوچستان پرتحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ جیل میں کوئی خفیہ اطلاع نہیں آتی۔صحافی نے سوال کیا کہ میڈیکل بورڈ تشکیل کے بعد علاج کیسا چل رہا ہے، جس پرشرجیل میمن نے کہاکہ بس گزارہ ہے، سرکاری اسپتال میں بہتر سہولت نہیں ہے۔