ٹماٹر تمباکو نوشی سے پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان سے دور رکھتے ہیں، ماہرین

منگل 9 جنوری 2018 14:57

بالٹی مور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2018ء) امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹماٹر تمباکو نوشی سے پھیپھڑوں کو پہنچنے والے نقصان کو دور کرتا ہے۔ میری لینڈ میں واقع جان ہاپکنز یونیورسٹی کے شعبہ صحت ماہرین نے کہا ہے کہ ٹماٹروں کا استعمال نہ صرف پھیپھڑوں کو تندرست رکھتا ہے بلکہ سگریٹ نوشی سے ہونے والے نقصان کی تلافی کرکے پھیپھڑوں کے افعال کو بہتر بناتا ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے ماہرین نے 650 بالغ افراد کا جائزہ لیا اور اس دوران ان کی غذا اور پھیپھڑوں کی صحت کو پہلے نوٹ کرکے اسے ریکارڈ کیاگیا جس کے 10 سال بعد دوبارہ ان افراد سے رابطہ کرکے ان کا معائنہ کیا۔ سگریٹ نوشی ترک کرنے والے جن افراد نے اوسطاً دو سے زائد ٹماٹر روزانہ کھائے، ان کے پھیپھڑے ان افراد کے مقابلے میں بہتر ہوئے جنہوں نے اس سے کم ٹماٹر کھائے تھے۔ زیادہ ٹماٹر کھانے والے مریضوں کے پھیپھڑوں کی کارکردگی بھی وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوتی گئی۔ ماہرین کا خیال ہے کہ صرف ٹماٹر ہی نہیں بلکہ تازہ پھل اور خصوصاً سیب کھانے سے بھی سانس کی نالی اور پھیپھڑوں کو یہی فائدہ ہو سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :