بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے مکمل طورپر تیار ہیں،حافظ حفیظ الرحمن

منگل 9 جنوری 2018 12:08

بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے مکمل طورپر تیار ہیں،حافظ حفیظ الرحمن
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2018ء) گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مردم شماری کے سرکاری نتائج کا اعلان ہوتے ہی ہم گلگت بلتستان میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کا اعلان کریںگے ‘وزیراعلیٰ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے مکمل طورپر تیار ہیںصرف مردم شماری کے نتائج کا انتظار ہے ،جوں ہی مردم شماری کے سرکاری نتائج کا اعلان ہوگا ہم بلدیاتی اداروں کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرینگے،انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ اسلام آباد میں عوامی ایکشن کمیٹی اورانجمن تاجران کے رہنمائوں سے تفصیلی مذاکرات ہوئے ہیں اور مذاکرات میں جو کچھ طے ہوا ہے اس پر ہر صورت میں عمل ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ٹیکس کے حوالے سے گلگت بلتستان میں جو دھرنے لگے تھے یا جو مظاہرے ہوئے تھے اس کا ایک مثبت پہلو بھی ہے کہ ان دھرنوں کی وجہ سے نہ صرف تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملا بلکہ یہ مظاہرے انتہائی پرامن تھے اور کہیں پر ایک گملہ بھی نہیں ٹوٹا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے آئندہ ٹیکسوں کے حوالے سے جو بھی قانون سازی ہوگی وہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ہوگی۔

متعلقہ عنوان :