چکوال: پی پی 20 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 9 جنوری 2018 11:00

چکوال: پی پی 20 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ جاری
چکوال(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 جنوری۔2018ء) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 20 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ جاری ہے اس نشست پر 5 امیدوار مد مقابل ہیں تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان اور پاکستان تحریک انصاف کے راجہ طارق افضل کے درمیان متوقع ہے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن چوہدری لیاقت کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔

پولنگ کے دوران 2لا کھ 79 ہزار 530 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جبکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فوج، رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار چوہدری ناصر منہاس، عوامی نیشنل پارٹی کے چوہدری عمران قیصر عباس اور آزاد امیدوار ڈاکٹر محمد طفیل نے بھی انتخابات میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے 227 پولنگ اسٹیشنز قائم ہیں اور جن میں سے 45 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

پی پی 20 میں کل 18 یونین کونسل شامل ہیں اور 227 پریزائڈنگ آفیسرز سمیت 2 ہزار پولنگ عملہ ڈیوٹی پر شام 5 بجے تک مامور رہے گا۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انتخابی عمل کو پرامن رکھنے کے لیے 1200 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہیں اور پاک فوج کی رسپانس فورس بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔ پولنگ اسٹیشن پر اسلحہ، موبائل فون، کیمرہ اور لیڈی پرس لے جانے کی پابندی ہے اور پولنگ اسٹیشن سے 400 میٹر کے فاصلہ تک سیاسی سرگرمی پر پابندی عائد ہے۔

متعلقہ عنوان :