الیکشن کمیشن کا چکوال میں پارٹی ورکرز سے نواز شریف کے خطاب کا نوٹس

ضابطہ اخلاق کے تحت پارٹی کا سربراہ حلقے کا دورہ نہیں کر سکتا ہے، ن لیگ کے امیدوار کو آج طلب کر لیا گیا

پیر 8 جنوری 2018 23:40

الیکشن کمیشن کا چکوال میں پارٹی ورکرز سے  نواز شریف کے خطاب کا نوٹس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2018ء) الیکشن کمیشن نے چکوال میں پارٹی ورکرز سے سابق وزیر اعظم اور مسلم ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کے خطاب کا نوٹس لے لیا ہے، ضابطہ اخلاق کے تحت پارٹی کا سربراہ حلقے کا دورہ نہیں کر سکتا ہے الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے امیدوار کو آج (منگل کو )طلب کر لیا ہے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ اور دو سال قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

سوموار کے روز ن لیگ کے امیدوار حیدر سلطان کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر چکوال خوشحال زادہ نے نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا کی پابندی کے باوجود آپ کے گھر پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے کارکنوں سے خطاب کیا ہے جو 48 گھنٹے سے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے قانون کی خلاف ورزی ہے ڈی آر او کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس میں امیدوار حیدر سلطان کو کل ایک بجے طلب کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اگر وہ پیش ہونے میں ناکام ہوئے تو انکے خلاف الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت کاروائی کے لیے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا اگر حیدر سلطان پر قانون کی خلاف ورزی ثابت ہو گئی تو ان کو ایک لاکھ روپے تک جرمانہ اور 2 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہی