حکومت اور اپوزیشن کو مل کر انتخابات کیلئے تیاری کرنا چاہیے، مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو

پیر 8 جنوری 2018 23:31

سکھر۔8جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز ی نائب امیر ، سابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ رواں سال عام انتخابات کا سال ہے، ملک میںعام انتخابات کیلئے فضاء بنانے کی ضرورت ہے، حکومت اور اپوزیشن کو مل کر انتخابات کیلئے تیاری کرنا چاہیے ،اس سلسلہ میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے سنجید ہ اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انتخابات التواء کا شکار نہ ہوں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، امیر ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے، اسداللہ بھٹو نے مذید کہا کہ تھرپارکر کے علاقہ مٹھی میں دو بھائیوں کے قتل کا واقعہ تشویش ناک ہے ، مٹھی کے شاہی بازار میں دو بھائیوں کو موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو بھائیوں کا قتل بظاہر ڈکیتی کی واردات بتائی گئی ہے تاہم اس حوالے سے شکو ک و شبہات جنم لے رہے ہیں، اس واقعہ کو حکومت اور پولیس کیجانب سے چیلنج سمجھ کر لینا چاہئے اور ڈاکوؤں دہشتگردوں کیخلاف بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں، علاقہ کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔