بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مذید وسیع اور مزید فعال بنائیںگے، حکومت سندھ اور سرسو کی جانب سے شروع کئے گئے غربت کے خاتمے کے پروگرام سے 6لاکھ خاندان فائدہ اٹھا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

پیر 8 جنوری 2018 23:30

سکھر۔8جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت خواتین کی بھلائی اور غربت کم کرنے کے پروگراموں کو وسیع اور فعال بنایا جائیگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن(سرسو) کی جانب سے یونین کائونسل سطح تک غربت کم کرنے والے پروگرام میں توسیع کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فلاحی و بہبود کے کاموں کی حوصلا افزائی کی ہے اور ان کی مدد سے معاشرے کو ترقی دینے کے پروگرام شروع کئے ہیں پیپلز پارٹی غیر سرکاری اور سماجی تنظیموں کے ساتھ ملکر کام کررہی ہے جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی شعبے میں فوائد اور سروسز میںبھی بہتر ی آئی ہے جس سے کاروبار کو فائدہ پہنچا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے سرسو اور وزیر اعلی سندھ سیدمراد علی شاہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے سرسو کو مالی اور انتظامی مدد فراہم کرتے ہوئے یونین کونسلز کی سطح تک غربت کو کم کرنے کے پروگرام پر عمل کرکے روشن مثال قائم کی ہے ، 2009میں یہ پروگرام سندھ کے چار اضلاع سے شروع کیا گیا تھا اور غربت کو کم کرنے کے اس سفر کے زریعے 4 لاکھ خاندانوں تک رسائی حاصل کی گئی اور مختلف پروگرامز کے زریعے مناسب اقدامات اٹھائے گئے ،انہوں نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ 2016تک یہ پروگرام 11اضلاع ,52تعلقوں اور 395یوسیز تک پھیل چکا ہے اور 6لاکھ سے زائد خاندان اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ، آئندہ 5سالوں میں یہ تعداد بڑھ کر 11لاکھ ہوجائے گی ، جس سے 11لاکھ خاندان غربت سے باہر نکل آئیں گے، خواتین کو بلاسود قرضے دئیے گئے جنوں نے لائف اسٹاک ، زراعت، سلائی کڑھائی اور دکانیں کھول کر اپنے ذاتی کاروبار شروع کر کے اپنے خاندانوں کو سہارا دیا ، سب سے خوش آئند بات یہ ہے کہ 97فیصد خواتین کیجانب سے لئے گئے قرضے واپس بھی کئے گئے ہیں ۔

پی پی چیئر مین نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم کا اعزاز شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پی پی پی کی قائد کے حصے میں رہا ، ہم خواتین کو باوقار مقام دلانے کا عزم اپنے خون میں لے کر جواں ہوئے ہیں ، وعدہ کرتا ہوں کہ پی پی اور حکومت سندھ ایسے اداروں کو سپورٹ کرتی رہے گی جس کے ذریعے خواتین کو نچلی سطح تک با اختیار بنانے کی تحریک پیدا کی جا سکے ، سرسو کے ترقیاتی ماڈل کو تمام اضلاع تک پہنچانے کی ضرورت ہے ، بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ دیکھیں کہ آج 6لاکھ خاندان فائدہ لے رہے ہیں ، مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر غربت کا خاتمہ کر کے خواتین کو محرومیوں کے چنگل سے آزاد کراسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے خواتین کے حقوق کیلیے قانون سازی کی اور شہیدذوالفقارعلی بھٹو نے ملک میں انقلابی اصلاحات نافذ کیں۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ، سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،پی پی لیڈیز ونگ کی صدر ایم این اے فریال تالپور سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں سرسو چیئرمین شعیب سلطان نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام پر روشنی ڈالی ، جبکہ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ ، صدر پی پی سندھ نثار احمد کھوڑو ، صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ اور دیگر پی پی رہنمائوں سمیت منتخب نمائندگان اور اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔