فیصل آباد :نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں موٹربائیک ایمبولینس سروس کا افتتاح

الزام تراشیاں،تنقید اور انتشار کی سیاست کا واحد مقصد پاکستان کی بڑھتی ہوئی ترقی کو روکنا ہے، رانا ثناء اللہ خان پاکستان مسلم لیگ(ن) کے موجودہ دورحکومت میں نہ صرف لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوابلکہ دہشتگردی کے ناسور پر بھی 80فیصد سے زائد قابو پالیا گیا ہے،صوبائی وزیر قانون چائنہ پاک اکنامک کاریڈور پر تیزی سے کام جاری ہے جوملک میں معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ہے جبکہ تعلیم وصحت کی جدید ومعیاری سہولتیں بھی عوام کی دہلیز پر میسر ہیں، آڈیٹوریم کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

پیر 8 جنوری 2018 23:17

فیصل آباد :نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں موٹربائیک ایمبولینس سروس ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2018ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں موٹربائیک ایمبولینس سروس کا افتتاح اور عملے کے مارچ پاسٹ کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزام تراشیاں،تنقید اور انتشار کی سیاست کا واحد مقصد پاکستان کی بڑھتی ہوئی ترقی کو روکنا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان مسلم لیگ(ن) کے موجودہ دورحکومت میں نہ صرف لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوابلکہ دہشتگردی کے ناسور پر بھی 80فیصد سے زائد قابو پالیا گیا ہے ۔

چائنہ پاک اکنامک کاریڈور پر تیزی سے کام جاری ہے جوملک میں معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ہے جبکہ تعلیم وصحت کی جدید ومعیاری سہولتیں بھی عوام کی دہلیز پر میسر ہیں وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد میں ریسکیو1122موٹربائیک ایمبولینس سروس کاآغاز ہوگیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس منفرد سروس میں 100موٹربائیکس پر ضروری طبی وایمرجنسی سازو سامان سے مزین ریسکیورزگنجان آباد اورتنگ گلیوں میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تین سے پانچ منٹ کے کم سے کم ری ایکشن ٹائم میں متاثرین کی امدادکیلئے ایمرجنسی سروسز فراہم کریں گے۔

تقریب میںوزیرمملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری،ارکان اسمبلی بیگم خالدہ منصور،حاجی خالد سعید،فقیر حسین ڈوگر،جعفر علی ہوچہ،ڈاکٹرنجمہ افضل،ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122ڈاکٹر رضوان نصیر،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،میئرمیونسپل کارپوریشن محمدرزاق ملک،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرریسکیو1122احتشام واہلہ،ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار،ایس ایس پی آپریشن محمد معصوم،ڈویژنل،ضلعی انتظامیہ، ریسکیو1122کے افسران واہلکار بھی موجود تھے ۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے موٹر بائیک ایمبولینس سروس کے آغاز پر اہل فیصل آباد کو مبارکباد دی اورضلع کے ارکان اسمبلی اور عوام کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلے میں قوم کے عظیم ریسکیورز نے لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لئے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کو آگے بڑھانے کے لئے ریسکیو موٹربائیک ایمبولینس سروس ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے جس کی صوبائی دارالحکومت میں کامیابی کے بعداسے صوبہ کے دوسرے بڑے شہر میں بھی شروع کردیا گیا ہے اور جلد ہی اس کا دائرہ دیگر اضلاع تک پھیلادیا جائے گاجبکہ فیصل آباد میں مزید 100موٹربائیکس فراہم کرکے اس سروس کو ڈبل کرینگے ۔

انہوں نے ریسکیورز کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے جو حلف اٹھایا ہے اس کی سو فیصد پاسداری کریں اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے انہیں تیزرفتار ریلیف کی فراہمی ہی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ڈولفن فورس پہلے ہی خدمات انجام دے رہی ہے جس کی بدولت سٹریٹ کرائمز کے واقعات میں کمی آرہی ہے۔صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کا لاہور میں آغاز ہوگیا ہے اور سٹیٹ آف دی آرٹ یہ ٹیکنالوجی جلد فیصل آباد میں بھی کام شروع کردے گی اور یہ اقدامات جرائم کی بیخ کنی کا باعث بنیں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 2،ارب روپے سے شروع کیا گیا پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈآج 20،ارب تک پہنچ چکا ہے جس سے 3لاکھ غریب خاندانوں کے ذہین ومحنتی طالب علم مستفید ہورہے ہیں اگر یہی فنڈ آج سے 70سال قبل شروع کیا ہوتا تو اس کا حجم ایک ہزارارب روپے سے بھی زائد ہوتا اور ہر مستحق طالب علم اس سے فائدہ حاصل کرتا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے پسماندہ علاقوں میں قائم دانش سکول بچوں کو ایچی سن سکولوں کے مقابل معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں جو حقیقی معنوں میں غریبوں کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔صوبائی وزیرنے فیصل آباد میں ریسکیو1122موٹربائیک ایمبولینس سروس کے اجراء کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیوڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔