دنیا کے کم عمر ترین مائیکروسافٹ ایکسپرٹ اور ایتھیکل ہیکرز بہن بھائیوں نے ایف آئی اے سائبر کرائمز کا تربیتی کورس مکمل کر لیا

تینوں بہن بھائیوں کو ایف آئی اے کی طرف سے سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا

پیر 8 جنوری 2018 23:17

دنیا کے کم عمر ترین مائیکروسافٹ ایکسپرٹ اور ایتھیکل ہیکرز بہن بھائیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2018ء) دنیا کے کم عمر ترین مائیکروسافٹ ایکسپرٹ اور ایتھیکل ہیکرز بہن بھائیوں نے ایف آئی اے سائبر کرائمز کا تربیتی کورس مکمل کر لیا، جس پر تینوں بہن بھائیوں کو ایف آئی اے کی طرف سے سرٹیفکیٹس سے نوازا گیا، ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن کی ہدایت پر ایتھیکل ہیکرز روما سیدین ، انعام سیدین ،اور سبحان سیدین کو سائبر کرائمز ونگ میں تین ماہ کے تربیتی کورس کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔

اس کورس کے دوران مختلف تربیتی مراحل سے گزارا گیا اور مختلف کیسوں پر بھی انہیں کام کرنے کا موقع دیا گیا۔ جس کے بعد ان بچوں نے یہ تربیتی کورس مکمل کیا۔ کورس کامیابی سے مکمل کرنے پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائمز کیپٹن (ر) محمد شعیب نے انہیں سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر روما سیدین اور ان کے بہن بھائیوں نے ایف آئی اے حکام کا شکریہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمام پاکستانی نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیںآگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں تو ہمارے ملک کے نوجوان دنیا میں اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

روما سیدین نے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے سائبر کرائمز کی بڑی وجہ سائبر کرائمز سے لاعلمی ہے ، ملک میں سائبر کرائمز کے متعلق قانون بننے سے جرائم کو کنٹرول کرنے میںمدد ملی ہے۔ جبکہ انعام علی سیدین اور سبحان علی سیدین نے کہا کہ لوگ اکثر کسی اور کے نام کی فیس بک آئی ڈی بنا لیتے ہیں اور لاعلمی کی وجہ سے کسی کی تصویر اپ لوڈ کر دیتے ہیں جس کے باعث معاشرے میں بہت بگاڑ پیدا ہوتا ہے اور گھروں کے گھر اجڑ جاتے ہیں۔

خاص کر خواتین کی تصاویر لگا کر ایسا کیا جاتا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم لوگوں کو اس بات کی آگاہی دیں اور لوگوں کو بھی چاہئے کہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائیں تاکہ لاعلمی کی وجہ سے لوگ سائبر کرائم کا حصہ نہ بن سکیں۔ حکومت کو چاہئے کہ سکول کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سائبر کرائمز کی آگاہی دی جائے تاکہ جرائم میں ممکنہ اضافے کو روکا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :