طبی تعلیم میں تحقیق ریڑھ کی حیثیت رکھتاہے ،گورنرخیبرپختونخوا

پیر 8 جنوری 2018 22:50

طبی تعلیم میں تحقیق ریڑھ کی حیثیت رکھتاہے ،گورنرخیبرپختونخوا
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ طبی تعلیم میں تحقیق ریڑھ کی حیثیت رکھتاہے ۔ انہوںنے مزید کہاہے کہ طبی تعلیم کسی بھی ملک کے عوام کے علاج معالجے اوردیکھ بال میں اہم کردار ادا کرتاہے۔وہ پیرکو خیبرکالج آف ڈنٹسٹری کے کانووکیشن کے موقع پربحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

تقریب میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ارشد جاوید، خیبرکالج آف ڈینٹسٹری کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول،فیکلٹی اراکین، فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء وطالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ ان کے والدین اور اساتذہ نے انہیں ایک کامیاب زندگی گزارنے کے قابل بنانے کیلئے تسلسل کے ساتھ انتہائی خلوص کے ساتھ کوششیں کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ اب جبکہ وہ اپنی زندگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہے ہیں جو مواقع اورچیلنجوں سے بھرپور ہے، ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ وہ جرائت کے ساتھ اپنی زندگی کے اس نئے مرحلے کا سامناکریں اور اپنے متعلقہ شعبوں میں اعلی ترین معیارکی مہارت حاصل کرنے کیلئے بھرپور محنت کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ کسی مرض کا علاج معالجہ کرنا انفرادی پہلونہیں ہوسکتا لیکن کسی مریض کی دیکھ بھال کرنالازماً ایک انفرادی پہلوہے۔

لہذا ایک معالج اورمریض کے مابین بااعتماد تعلق بہت اہمیت کاحامل پہلوہے۔ گورنرنے کہاکہ چونکہ امراض کی تشخیص اورعلاج معالجہ باہم قریبی تعلق کاحامل پہلوہے لہذا ضرورت اس امرکی بھی ہے کہ معالجین اس ضمن میں بھی اپنے کردار کی ناگزیراہمیت کااحساس کریں۔ گورنرنے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات ، اساتذہ اوران کے والدین کومبارکباد دی اور مستقبل میں بھی اس نوع کی مزید کامیابیوں سے ہمکنارہونے کے سلسلے میں نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔

گورنرنے اس موقع پر کل68 فارغ التحصیل ہونیوالے طلباء وطالبات میں اسناد تقسیم کیںجبکہ 17 طلباء وطالبات کوگولڈ میڈل بھی دیے گئے۔ گورنرنے گولڈمیڈلزحاصل کرنے والے طلباء وطالبات کیلئے 10 ہزار روپے اورکالج کیلئے 10لاکھ روپے کا اعلان بھی کیا۔ قبل ازیںکالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول نے ادارے کی خدمات اور کامیابیوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کرتے ہوئے گورنراوردیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ #

متعلقہ عنوان :