نواز شریف کے تمام وعدوں کو ایفاء اور مشن کو پورا کرنے کے بعد آئندہ الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن ہی فاتح ہوگی‘ شاہد خاقان عباسی بہترین وزیراعظم ثابت ہوئے ہیں‘ ہمارے دشمنوں کے قدم لڑکھڑا رہے ہیں، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف

پیر 8 جنوری 2018 22:50

نواز شریف کے تمام وعدوں کو ایفاء اور مشن کو پورا کرنے کے بعد آئندہ ..
سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم محمدنواز شریف کے تمام وعدوں کو ایفاء اور مشن کو پورا کرنے کے بعد 2018ء کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن ہی فاتح ہوگی‘ شاہد خاقان عباسی بہترین وزیراعظم ثابت ہوئے ہیں‘ہمارے مخالفین کی توقع تھی کہ 28جولائی کے بعد ہمارے قدم اکھڑ جائیں گے لیکن مسلم لیگ ن کے قدم مزید مضبوط ہوئے ہیں اورہمارے دشمنوں کے قدم لڑکھڑا رہے ہیں۔

وہ پیر کو اپنی رہائشگاہ پر ورکرز کنوونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی جس اعتماد کے ساتھ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھال کر آگے بڑھے ہیں وہ مثالی ہے ایسے اورکوئی امیدوار وزارت عظمیٰ نہیں چلا سکتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے معاملات کو قابو رکھنا‘ دفاعی تناظر میں موجود خطرات بشمول مغربی اور مشرقی سرحدوں پر کشیدہ صورتحال سمیت ملک کے دیگر حالات سے با طریق احسن عہدہ براء ہونا اور سیاست میں جو خلاء 28جولائی کو پیدا ہوا وہ شاہد خاقان عباسی نے بہتر اندازمیں پر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے تمام وعدوں کو ایفاء کرنے اور ان کے مشن کو پورا کرنے کے بعد 2018ء کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن ہی فاتح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین کی توقع تھی کہ 28جولائی کے بعد ہمارے قدم اکھڑ جائیں گے‘ مسلم لیگ ن کے قدم مزید مضبوط ہوئے ہیں‘ ہمارے دشمنوں کے قدم لڑکھڑا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیالکوٹ چمبر‘ سیالکوٹ کے شہر سے متعلق جو مسائل سامنے لائے گئے ہیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اس پر ضرور غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سمبڑیال میں 65ایکڑ اراضی دو یونیورسٹیوں کے لئے اور سیالکوٹ کی سڑکوں کی اپ گریڈ کے لئے 40 کروڑ روپے دیئے ہیں‘شہر میں سوئی گیس کے 70سالہ پرانے مسائل حل ہورہے ہیں‘ سیالکوٹ میںآئندہ تین ماہ میں سوئی گیس کا کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔ سیالکوٹ پسرور روڈ‘ سمبڑیال تا موٹر وے سڑک‘ 40 ارب روپے سے موٹر وے کھاریاں مکمل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں 18سو کلو میٹر نئی موٹر وے بنی ہے‘ لواری ٹنل جو کئی دہائیوں سے زیر التواء تھا اس پر 28 ارب روپے لگا کر اسے مکمل کرایا ہے‘ نیلم جہلم منصوبہ 1988ء میں شروع ہوا تھا ہماری حکومت نے اس پر کام کیا اور آئندہ ماہ سے اس منصوبے سے پیداوار شروع ہو جائے گی۔