وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ملاقات

جنوبی پنجاب کے لئے آبادی کے تناسب سے زیادہ ترقیاتی بجٹ فراہم کر رہے ہیں، محمد شہبازشریف مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے تاریخی بجٹ دے کر عوام کے دل جیت لئے ہیں،اویس لغاری

پیر 8 جنوری 2018 22:34

وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ..
لاہور۔8 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کی سہولت کے لئے مختلف پراجیکٹس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے وفاقی وزیر اویس احمد لغاری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زیادہ بجٹ مختص کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے۔

حکومت کے لئے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی ترجیحات میں اولین ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹرو اور سپیڈو بسیں روزانہ لاکھوں مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ جنوبی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ اپنی مثال آپ ہے۔

(جاری ہے)

’’پکیاں سڑکاں۔ سوکھے پینڈے‘‘ کے تحت ہزاروں کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر سے منڈی تک رسائی بہترہوگی۔

100 ارب روپے کے کسان پیکیج سے کاشتکار خوشحال اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا۔جنوبی پنجاب کی بدحالی کی بات کرنے والوں نے اپنے دور میں کبھی عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی پر اربوں روپے کے وسائل نچھاور کئے ہیں۔ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کو مزید خوشیاں دے گی۔جنوبی پنجاب کی ترقی کی ذمہ داری نبھائی اور آئندہ بھی نبھاتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے پروگراموں پر پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ وفاقی وزیر اویس احمد لغاری نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کیلئے تاریخی بجٹ دے کر عوام کے دل جیت لئے ہیں۔