مجھے نا اہل کرنے کے فیصلے کے سبب ملکی مسائل میں اضافہ ہوا، نواز شریف

پانامہ کی بجائے اقامہ پر ایک منتخب وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا اس کے نتیجے میں اب مہنگائی بھی بڑھ رہی ہے ، دہشتگردی نے بھی سر اٹھانا شروع کردیا ہے اور ملک میں بے چینی ہے، چار سالوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا ،56ارب ڈالر سے سی پیک منصوبہ شروع کیا ۔ ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھولے،پوری قوم نے پانچ ججوں کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے، فکر نواز شریف یہی ہے کہ ہر آدمی کو انصاف ملے ، ملک میں قانون کی بالادستی ہو، ملک میں خوشحالی ہو، نوجوانوں کو روزگار ملے سابق وزیر اعظم کی چکوال میں چوہدری لیاقت مرحوم کی تعزیت کیلئے آمد کے موقع پر خطاب

پیر 8 جنوری 2018 21:28

مجھے نا اہل کرنے کے فیصلے کے سبب ملکی مسائل میں اضافہ ہوا، نواز شریف
چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جنوری2018ء) مسلم لیگ (ن) کے صدر اورسابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہاہے کہ 28جولائی کے فیصلے جس میں پانامہ کی بجائے اقامہ پر ایک منتخب وزیراعظم کو گھر بھیجا گیا اس کے نتیجے میں اب مہنگائی بھی بڑھ رہی ہے ، دہشتگردی نے بھی سر اٹھانا شروع کردیا ہے اور ملک میں بے چینی ہے جبکہ ہم نے چار سالوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا ،56ارب ڈالر سے سی پیک منصوبہ شروع کیا ۔

ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھولے۔ بہرحال پوری قوم نے پانچ ججوں کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے اور اس دوران انہوں نے عوام سے بھی جب رائے لی تو وہاں پر موجود 2ہزار سے زائد عمائدین علاقہ نے کھڑے ہوکر اس فیصلے کو ہاتھ کھڑ ے کر کے مسترد کیا۔ پیر کو سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ایم پی اے چوہدری لیاقت علی خان مرحوم کی فاتحہ خوانی کیلئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیلئے یہاں پہنچے تھے۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف نے پہلے اہل خانہ کیساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی اور بعد ازاں علاقے کے چیدہ چیدہ عمائدین کے اجتماع سے خطاب کیا۔ میاں نواز شریف نے اپنے مختصر خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کو سڑکوں ، موٹر ویز اور روزگار کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ملک ترقی کے راستے پر چل پڑا ہے۔ انہو ںنے عوام سے پوچھا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر اور قانون کی بالادستی اور ملک میں ہر شخص کو عدل کی فراہمی کی جو آواز میں نے بلند کی ہے اہل چکوال اس کے ہم نوا بنیں گے تو پنڈال میں موجود سارے لوگوں نے ہاتھ کھڑے کر کے قدم بڑھائو نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں کہ فلک شگاف نعرے لگائے۔

انہوں نے کہا کہ2013میں جب عوام نے ہمیں منتخب کیا اور ہم نے ذمہ داری سنبھالی تو ملک اندھیروں میں ڈوب چکا تھا، دہشتگردی سے ملک کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس سطح پرپہنچانے والے ڈکٹیٹر تھے اور ان ڈکٹیٹروں کیساتھ کچھ سیاستدان بھی ملے ہوئے تھے انہوں نے کہا کہ ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں کی شکلیں یاد رکھیں ان کا احتساب آپ نے کرنا ہے اور فکر نواز شریف یہی ہے کہ ہر آدمی کو انصاف ملے ، ملک میں قانون کی بالادستی ہو، ملک میں خوشحالی ہو، نوجوانوں کو روزگار ملے اور الحمد اللہ ملک اس سمیت کی طرف چل رہا ہے۔

میاں نواز شریف نے چکوال کے عوام سے استدعا کی کہ وہ نو جنوری کے ضمنی الیکشن میں میرے دیرینہ ساتھی چوہدری لیاقت مرحوم کے صاحبزادے چوہدری حیدر سلطان کو کامیاب کریں او رانشاء اللہ حیدر سلطان بھی چوہدری لیاقت مرحوم کی طرح آپ لوگوں کی خدمت کرے گا،انہوںنے کہا کہ چوہدری لیاقت مرحوم میرے وفادار ساتھی تھے اور آج مسلم لیگ جتنی مضبوط ہے اس کی مضبوطی میں چوہدری لیاقت علی خان نے اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے۔ میاں نواز شریف نے چوہدری لیاقت مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرانے کیلئے حاجی عبدالرزاق جامی کو سٹیج پر آنے کیلئے کہا اور سلطان رضا جامی نے چوہدری لیاقت مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کرائی۔