امریکہ کی جانب سے فلسطین کی امداد روکنے کی دھمکی

اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوامِ متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کو اسکا فلاحی کام بند کرنے کا مطالبہ کردیا

پیر 8 جنوری 2018 17:52

امریکہ کی جانب سے فلسطین کی امداد روکنے کی دھمکی
یروشلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2018ء) امریکا کی جانب سے فلسطین کی امداد روکنے کی دھمکی کے بعد اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اقوامِ متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین کو اسکا فلاحی کام بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔واضح رہے کہ نیتن یاہو نے گزشتہ ہفتے کابینہ کے اجلاس میں امریکی صدر کے اقدام کو سراہا تھا فلاحی تنظیم کے حوالے سے کہنا تھا اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین تنظیم (یو این آر ڈیبلیو ای) فلسطین پناہ گزینوں کے مسائل کو برقرار رکھتی ہے۔

یواین آر ڈبلیو اے کے تحت غزا، مقبوضہ بیت المقدس، لبنان، شام اور اردن میں ہزاروں اسکولوں میں پناہ گزین بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں اور ادارہ امداد دینے کے ساتھ ساتھ ساتھ ٹیچرز ٹریننگ سینٹرز، طبی مراکز اور دیگر سماجی سروسز فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیل کے نزدیک اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو ای) کا طریقہ کو جانبدار ہونے کا الزام عائد کیا گیا جبکہ ادارے نے اسرائیلی تحفظات کو یکسرمسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فلسطین کو صرف سماجی بنیادیوں پر سہولیات فراہم کرنے پر یقین رکھتا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ اقوام متحدہ ہائی کمیشنر برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) دنیا بھر کے مہاجرین کی بحالی کی پابند ہے جبکہ فلسطینی پناہ گرینوں کے لیے علیحدہ ادارہ ہے جو ان کی پوری نسل کو بطور پناہ گزین رجسٹرڈ کررہا ہے اسی لیے اس صورتحال کو روکنا ہوگا۔دوسری جانب یو این آر ڈبلیو اے کے ترجمان نے موقف اختیار کیا کہ ادارے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اسے یہ مینڈیٹ دیتا ہے اور اس کے اراکین ادارے کے انسانی ترقی کے مشن کی وسیع اور مضبوط حمایت کرتے ہیں۔

ترجمان نے اپنے بیان میں لکھا پناہ گزینوں کے مسائل کے حل میں ناکام ہونے کی وجہ وہ حکام ہیں جو اس مسئلے کے حل میں ناکام ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردار اور عالمی قوانین کے تحت اسرائیل کو خطے میں امن مذاکرات کو فروغ دینا چاہیئے۔واضح رہے کہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلے کو دنیا بھر میں تنقید کا سامنا رہا جبکہ فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا تھا امریکا مشرق وسطی میں امن مذاکرات کے لیے ثالث کا کردار کھو چکا ہے۔اس بیان کے بعد حال ہی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کی امداد بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطین کو 30 کروڑ ڈالر کی امداد کیوں دی جائے جبکہ وہ امن مذاکرات کے لیے آمادہ ہی نہیں۔۔