نوازشریف کے خلاف عدالتی فیصلے ردی کی ٹوکری میں جائیں گے۔ 4 سالوں سے ملک میں انتشار پھیلانے کوشش کی جارہی ہے‘توانائی کے منصوبے مکمل کیئے آج ملک میں گیس اور بجلی دستیاب ہے۔وزیراعظم شاہدخاقان عباسی‘مغربی اور مشرقی سرحدوں پر خطرات منڈ لارہے ہیں۔وزیرخارجہ خواجہ آصف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 جنوری 2018 13:34

نوازشریف کے خلاف عدالتی فیصلے ردی کی ٹوکری میں جائیں گے۔ 4 سالوں سے ..
سیالکوٹ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 جنوری۔2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ نواز شریف ہمارے لیڈر تھے ، ہیں اور رہیں گے، ان کے خلاف عدالتی فیصلے ردی کی ٹوکری میں جائیں گے۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کی ہے کسی کو گالیاں نہیں دیں ہر روز پارٹی اور لیڈر بدلنے والے پاکستان کی خدمت نہیں کرتے، ہمارے لیڈر کل بھی نوازشریف تھے آج بھی ہیں اور کل بھی وہی ہمارے لیڈر ہوں گے۔

ہم میں سے کوئی وزارت عظمیٰ کا امیدوار نہیں۔ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ نواز شریف جس پر بھی ہاتھ رکھتے وہیں وزیر اعظم ہوتا، یہی جمہوریت کی کامیابی ہے۔ہمیں امید ہے کہ 2018 کے انتخابات میں پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) اور نواز شریف کے حق میں فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کے مسائل حل کئے ہیں، ہم نے ان مشکلات کو حل کیا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں کسی نے نہیں کئے‘ 4 سال پہلے جمعے کی نماز پڑھنے جاتے وقت بھی یہ خوف رہتا تھا کہ کہیں خودکش حملہ نہ ہوجائے لیکن آج ہم امن سے رہتے ہیں، کراچی جو دنیا کے 5 پرتشدد شہروں میں شمار ہوتا تھا لیکن اب وہاں امن ہے، پاور پلانٹس، سی این جی اسٹیشنز اور گھروں میں گیس نہیں تھی لیکن آج صورت حال مختلف ہے۔

موجودہ دور حکومت میں 1800 کلومیٹر سے زائد موٹر ویز بنائی گئیں، یہ تمام چیزیں ملک کی معیشت کو مضبوط کریں گی اور یہ سب پورا پاکستان محسوس کرتا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں کسی قسم کی شرمندگی نہیں کیوں کہ ہم نے پاکستان کے مسائل حل کیے ہیں، سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے، جب بھی ایسا ہوا تو ان فیصلوں کو نا تو پاکستان کے عوام نے مانا اور نا ہی تاریخ نے اسے قبول کیا۔

سیاست کے فیصلے پولنگ اسٹیشنز پر ہوتے ہیں، جولائی میں عام انتخابات ہوں گے، اس میں عوام جو بھی فیصلہ کریں گے وہ سر آنکھوں پر ہوگا۔ نوازشریف کا فیصلہ عوام نے قبول نہیں کیا۔ عوام اور تاریخ اسے بھی ردی کی ٹوکری میں پھینک دیں گے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔قبل ازیں سیالکوٹ ایئرپورٹ کے بین الاقوامی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 4 سالوں سے ملک میں انتشار پھیلانے کوشش کی جارہی ہے۔

ملک میں بجلی کا بحران اگلے 15 سال تک کے لیے حل کر دیا گیا ہے، پوری امید ہے کہ بجلی کی قیمت کم بھی ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی تاجر برادری نے ایئرپورٹ کیلئے فنڈز دیئے ، یہ پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ ہے جو کامیاب ہوا، این ایچ اے علاقے کی ترقی کیلئے منصوبوں پر کام کررہی ہے انہوں نے کہا کہ نندی پور کا منصوبہ 2006 میں شروع ہوا جسے ہم نے مکمل کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ہماری حکومت نے پروجیکٹس شروع کرکے مکمل بھی کئے، توانائی کے شعبے میں 10 ہزار میگاواٹ کے منصوبے مکمل کئے یہ منصوبے نوازشریف کی محنت اور وژن کا نتیجہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 سال میں ملک میں انتشار پھیلانے اور ہمارا راستہ روکنے کی بھرپور کوششیں کی جاتی رہیں تاہم ہماری ہی حکومت نے ملک سے توانائی بحران کو ختم کیا اور گیس بحران پر قابو پایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سے پہلے والی حکومتیں 5سال تک منصوبوں کے بارے میں صرف سوچتی رہتی تھیں اور پھر اقتدار ختم ہوجاتا تھا۔وزیراعظم نے کہاکہ جب نون لیگ کی حکومت آئی تو انڈسٹری بند تھی، گیس نہیں تھی،آج صورتحال بہت بہتر ہے‘ مشکلات کے باوجود نون لیگ کام کرتی رہی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش ہوتی رہی اور ہم پرواہ کیے بغیر کام کرتے رہے۔

وزیرخارجہ خواجہ آصف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی اور مشرقی سرحدوں پر خطرات منڈ لارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شاہد خاقان عباسی نے نامساعد حالات میں وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا، حکومتی ٹیم نواز شریف کے قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے گی۔ مخالفین کے قدم اکھڑ رہے ہیں اور (ن) لیگ مضبوط ہورہی ہے جبکہ نواز شریف کے ویژن کو کامیابی کے ساتھ انتخابات تک لے کر جائیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ جس تیزی سے مسائل حل ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی، ہمارے دور میں جتنی ترقی ہوئی اتنی 70 سالوں میں نہیں ہوئی۔نوازشریف آج بھی ہمارے قائد ہیں، مخالفین سمجھ رہے تھے کہ 28 جولائی کے بعد ہمارے قدم اکھڑ جائیں گے، ہمارے نہیں دشموں کے قدم اکھڑ رہے ہیں، آئندہ الیکشن میں ن لیگ ہی فاتح ہوگی۔انہوں نے کہا شاہدخاقان نے پارٹی اورملک کوبہتر انداز میں چلا رہے ہیں، جس تیزی سے مسائل حل ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی۔

سیالکوٹ میں اگلے 2ماہ میں سوئی گیس کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، اتنے کم عرصے میں تاریخ میں کبھی مسائل حل نہیں ہوئے۔سیالکوٹ اوراس کے ارد گرد اضلاع میں ایک سوارب روپے کا کام ہورہا ہے، جتنی ترقی 4سال میں ہوئی اتنی 70سال میں نہیں ہوئی ہے۔ حکومت نے 1800کلومیٹرکی موٹروے بنائی ہے۔