پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے پر امریکا سے وضاحت مانگ رہے ہیں۔اعزازاحمد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 8 جنوری 2018 09:53

پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے پر امریکا سے وضاحت مانگ رہے ہیں۔اعزازاحمد
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔08 جنوری۔2018ء) امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے لیے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کا اعتراف ہونا چاہیے اسی لیے پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے کے حالیہ بیان پر اسلام آباد امریکا سے وضاحت مانگ رہا ہے۔ اعزاز چوہدری نے کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے کے اعلان پر ہمیں تشویش ہے، پاکستان اس اعلان کی منطق اور اس کے اثرات کے حوالے سے امریکا سے وضاحت چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ضروری ہے کہ پاکستان اپنے آئین کے تحت انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ اور فروغ کے لیے بھرپور طریقے سے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے زور دیا کہ وسیع قانون سازی، ادارہ جاتی اور انتظامی اقدامات جو حکومت پاکستان نے اٹھائے ہیں ان پر بھرپور طریقہ سے عمل درآمد کویقینی بنایا جارہا ہے اور آئین پاکستان اس کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے بخوبی آگاہ ہے جن سے عملی سطح پر مثبت تبدیلی آئی ہے۔اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہم مذہبی آزادی کے بین الاقوامی مسلمہ معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور خطے میں اس کے نفاذ کو یقینی بنانے کی خاطر عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :