وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کو ملکی برآمدات کے حجم میں بتدریج اضافہ کی توقع،مالی سال 2017-18ء کے اختتام تک 23.5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا

اتوار 7 جنوری 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2018ء) وزارت تجارت و ٹیکسٹائل کو ملکی برآمدات کے حجم میں بتدریج اضافہ کی توقع ہے جو مالی سال 2017-18ء کے اختتام تک 23.5 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گا۔ وزارت کامرس کے ایک اعلیٰ افسر نے اتوار کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ہم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایس ٹی پی ایف کے لئے ابتدائی مسودہ فروری میں تیار ہوگا اور کامرس پالیسی 2018-19ء کا اعلان رواں سال جولائی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران 12 سے 13 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جو نیک شگون ہے اور توقع ہے کہ اضافے کا رجحان جاری رہے گا۔ مختلف ممالک کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین آزاد تجارت کے معاہدے پر دستخط مارچ میں ہوں گے جس سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ نے آزاد تجارت کے معاہدے کیلئے مصنوعات کی حتمی فہرست کا تبادلہ 30 دسمبر 2017ء کو کیا تھا۔ دونوں اطرافہ نے آزاد تجارت پر تحفظات دور کرنے کیلئے حتمی پیشکش کی فہرستوں کا بھی تبادلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے متعلقہ تھائی لینڈ میں اشیاء سے استفادہ کیا جاسکتا ہے جس میں سوتی دھاگہ اور اونی کپڑا ، ریڈی میڈ گارمنٹس، چمڑے کی مصنوعات ، آلات جراحی اور کھیلوں کے سامان وغیرہ شامل ہیں۔

دوسرے مرحلے میں پاک-چین آزاد تجارت کا معاہدہ اتفاق پا چکا ہے۔ چین نے 65 اشیاء کی مارکیٹ رسائی پر اتفاق کیا ہے۔ بات چیت کا آئندہ مرحلہ وسط جنوری میں اسلام آباد میں ہوگا۔ پاکستان چین سے 65 اشیاء پر ڈیوٹی میں رعایت کا خواہاں ہے جس طرح چین نے دیگر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کو پہلے سے دے رکھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :