امریکہ کی طرف سے پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے پر تشویش ہے ، پاکستان اس اعلان کی منطق اور اس کے اثرات کے حوالے سے امریکہ سے وضاحت چاہتا ہے

بین الاقوامی برادری پاکستان کے اقدامات سے بخوبی آگاہ ہے جن سے عملی سطح پر مثبت تبدیلی آئی ہے،اعزاز احمد چوہدری

اتوار 7 جنوری 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2018ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے کے حالیہ امریکی بیان پر اسلام آباد امریکہ سے وضاحت مانگ رہا ہے ، حکومت نے انسانی حقوق کے تحفظ اور مذہبی آزادی کے حقوق کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ان کا اعتراف ہونا چاہئے۔ امریکی محمکہ خارجہ نے پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے کا اعلان گزشتہ ہفتہ بین الاقوامی مذہبی آزادی پر کیا تھا۔

سفیر نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی محمکہ خارجہ کی طرف سے پاکستان کو خصوصی واچ لسٹ پر رکھنے کے اعلان پر ہمیں تشویش ہے ، پاکستان اس اعلان کی منطق اور اس کے اثرات کے حوالے سے امریکہ سے وضاحت چاہتا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ تاہم یہ بات بتانا ضروری ہے کہ پاکستان اپنے آئین کے تحت انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے بھرپور طریقے سے پر عزم ہے۔

(جاری ہے)

سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ وسیع قانون سازی ، ادارہ جاتی اور انتظامی اقدامات جو حکومت پاکستان نے اٹھائے ہیں ان پر بھرپور طریقہ سے عملدرآمد کویقینی بنایا جارہا ہے اور آئین پاکستان اس کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے بخوبی آگاہ ہے جن سے عملی سطح پر مثبت تبدیلی آئی ہے۔

ایک مثال دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ گزشتہ برس صرف سپریم کورٹ نے متعلقہ آئینی توضیحات کو ان کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کیلئے تاریخی فیصلے کئے اور اہم مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہبی آزادی کے بین الاقوامی مسلمہ معیارات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور خطے میں نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :