کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں کرسمس گیتوں پر مبنی کوئیز مقابلہ

اتوار 7 جنوری 2018 22:50

فیصل آباد۔7 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2018ء) ضلعی انتظامیہ‘میونسپل کارپوریشن اور آرٹ کونسل کے اشتراک سے کرسمس کی تقریبات کے سلسلے میں کرسمس گیتوں پر مبنی کوائر مقابلہ نصرت فتح علی خاں آڈیٹوریم میں منعقد ہوا جس میں 19 گرجا گھروں کے کوائرز نے حصہ لیا۔صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی‘ ایم این اے میاں عبدالمنان‘ اقلیتی ایم پی اے شہزاد منشی‘ ایڈمن آفیسرکنڈکٹ ریاض حسین انجم‘ ڈائریکٹر آرٹ کونسل صوفیہ بیدار‘لالہ روبن ڈینیئل‘پاسٹر کنول سہیل‘عمانوئل غوری‘پرویز اقبال بھٹی‘دیگر مسیحی رہنماؤں کے علاوہ مختلف گرجا گھروں کے پاسٹرز‘ مرد وخواتین اور شائقین بڑی تعداد موجودتھے۔

(جاری ہے)

وینسٹ پیس ‘عابد اور ریاض نے ججز کے فرائض انجام دئیے۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور وانسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کرسمس گیتوں پر مشتمل کوائر مقابلوں کے کامیاب انعقاد کو سراہااور نوجوان مرد وخواتین گلوکاروں کی مہارت کی تعریف کی۔انہوں نے پوزیشن حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی اورکہا کہ کرسمس اور سال نو کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کیلئے ایسے پروگرامز کا انعقاد قابل ستائش اقدام ہے۔ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کرسمس گیتوں کے مقابلے میں شریک گرجا گھروں کے کوائرز کی پروفارمنس کی داد دی اور کہا کہ بطور پاکستانی ہم سب ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہیں اور مل جل کر ملک وقوم کی ترقی کے لئے کوشاں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق سب پاکستانی برابر کے شہری ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر مکمل یقین رکھتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان کی خدمت کے لئے یکساں کردار ادا کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :