نواب ثناء اللہ خان زہری سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر کی ملاقات

صوبے میں مجموعی سیاسی صورتحال، وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا حکومت نے صوبے کی پائیدار امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں اور تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلے ہیں جس کی بدولت صوبے میں امن اور ترقی کا سفر شروع ہوا ہے، جمہوری تسلسل کو نقصان پہنچانے والے صوبے کے قطعی خیر خواہ نہیں اور ان کے عزائم کامیا ب نہیں ہوں گے، وزیر اعلی بلوچستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان مضبوط ہے اور چند مفاد پرستوں کے پارٹی سے بغاوت کا پارٹی پر کوئی اثر نہیں پڑیگا، سردار یعقوب ناصر

اتوار 7 جنوری 2018 22:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2018ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے اتوار کے روز یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں مجموعی سیاسی صورتحال، وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سردار یعقوب خان ناصر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے صوبے کی پائیدار امن ، ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے ہیں اور تمام اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلے ہیں جس کی بدولت صوبے میں امن اور ترقی کا سفر شروع ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوری تسلسل کو نقصان پہنچانے والے صوبے کے قطعی خیر خواہ نہیں اور ان کے عزائم کامیا ب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر سینیٹر سردار یعقوب خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان مضبوط ہے اور چند مفاد پرستوں کے پارٹی سے بغاوت کا پارٹی پر کوئی اثر نہیں پڑیگا۔صوبائی اسمبلی میں اکثریت اراکین تحریک عدم اعتماد کے خلاف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی عمل اور پائیدار امن کے لئے موجودہ جمہوری تسلسل کا چلنا ناصرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کے مفاد میں ہے۔ سردار یعقوب ناصر نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کو جمہوری طریقے سے ناکام بنا کر پارٹی سے بغاوت کرنے والے مفاد پرستوں کے عزائم کو ناکام بنادینگے۔ صوبائی وزراء سردار اسلم بزنجو اور نواب محمد خان شاہوانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔