میاں نواز شریف کی ہر موومنٹ، ،ہر جلسہ، ہر تقریر ،ہر پریس کانفرنس تحریکِ عدل کا حصہ ہے ‘مریم نواز

کسی بھی قسم کی ڈیل ،این آر اوز کی خبریں وہی لوگ اڑا رہے ہیں، جنہوں نے ماضی میں ایسا کیا تھا‘نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 7 جنوری 2018 22:00

میاں نواز شریف کی ہر موومنٹ، ،ہر جلسہ، ہر تقریر ،ہر پریس کانفرنس تحریکِ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جنوری2018ء) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی تحریکِ عدل کا آغاز اسی وقت ہو گیا تھا، جب عدالتی فیصلے کے بعد لوگ دانتوں میں اپنی انگلیاں دبا کر بیٹھ گئے تھے، اس کے بعد عمران خان اور جہانگیر ترین کا فیصلہ آیا تو اس نے اور زور وشور سے یہ بات ثابت کر دی تھی کہ کتنی بڑی نا انصافی ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ان کے والد میاں نواز شریف کی ہر موومنٹ، ان کا ہر جلسہ، ان کی ہر تقریر اور ہر پریس کانفرنس اسی تحریکِ عدل کا حصہ ہے جس میں ہم نے عدلیہ تو بحال کرائی تھی لیکن اب عدل بحال کرائیں گے۔انہوںنے کہاکہ این آر او سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قسم کی ڈیل اور این آر اوز کی خبریں وہی لوگ اڑا رہے ہیں، جنہوں نے ماضی میں ایسا کیا تھا۔

(جاری ہے)

حدیبیہ کیس کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حق اور سچ کو سامنے آنا ہے، وہ دن دور نہیں جب پاناما کیس کے بارے میں بھی یہی الفاظ کہے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ سازش کے پیچھے کون ہی یہ ہمیں کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں بلکہ پورا پاکستان جانتا ہے۔ سازشی یہ دیکھ رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن سینیٹ میں اکثریت لے جائے گی بلکہ الیکشن 2018 بھی جیت جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو کسی سے ڈیل کی ضرورت نہیں ہے۔ ڈیل کی ضرورت انھیں ہوتی ہے جنھیں عوام ہر الیکشن میں مسترد کر دیتے ہیں۔ ہمیں کسی سے کوئی ڈر نہیں بلکہ ڈر انھیں ہے جو سازشیں کر رہے ہیں۔عمران خان کی شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے انہوںنے کہا کہ میں کسی کی ذاتی زندگی پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہوں گی۔ مریم نواز نے کہا ہے ان کی سیاست حق کو حق اور سچ کو سچ کہنے کی ہے۔ میں جس شخص کی بیٹی ہوں وہ حق اور سچ پر کھڑے ہونے کی طاقت رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :