ن لیگ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگوں سے بے نظیر بھٹو کی تصویر ہٹا کر اپنے بغض کا اظہار کیا ہے،نفیسہ شاہ

بینظیر کا نام ہٹانے والے خود مٹنے والے ہیں، ہم اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں، سینٹ اور قومی اسمبلی میں احتجاج کریں گے،ٹوئٹ

اتوار 7 جنوری 2018 21:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2018ء) پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ن لیگ نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگوں سے بے نظیر بھٹو کی تصویر ہٹا کر اپنے بغض کا اظہار کیا ہے جبکہ بینظیر کا نام ہٹانے والے خود مٹنے والے ہیں۔ ہم اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور سینٹ اور قومی اسمبلی میں احتجاج کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جمہوریت کیلئے بینظیر بھٹو کی جدو جہد کے اعتراف میں پارلیمنٹ سے منظورکرواکر جو پروگرام شروع کیا گیا اس سے بینظیر بھٹو کی تصویر کو ختم کرکے مسلم لیگ ن نے بغض کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کے روز مختلف اخبارات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے شائع ہونے والے اشتہارات میں بینظیر بھٹو کی تصویر حدف کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر کے نام پر شروع ہونیوالا پروگرام ان کی تصویر کے بغیر ادھورا ہے ۔

(جاری ہے)

نفیسہ شاہ نے کہا کہ نواز شریف تو اس پروگرام کو ختم کرنا چاہتے تھے مگر عالمی سطح پر فنڈ دینے والے اداروںنے نواز شریف کی اس سوچ کے خلاف مزاحمت کی ۔

انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کے لاڈلوں کے دل میں آج بھی بینظیر کے خلاف بغض اور تعصب پایا جاتا ہے اسی لئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن بنانے کے سابق آمر پرویز مشرف کی لاڈلی ماروی میمن کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس اقدام کے خلاف سینٹ اور قومی اسمبلی میں احتجاج کرے گی۔