مسلم لیگ ( ن ) کو ایک اور جھٹکا ،رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فیض الحسن کے بھائی کا مسلم لیگ سے اظہار لاتعلقی

اپنے صاحبزادے کو اگلے الیکشن میں ایم این اے کا امیدوار نامزد کر دیا

ہفتہ 6 جنوری 2018 22:52

مسلم لیگ ( ن ) کو ایک اور جھٹکا ،رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فیض الحسن کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2018ء) مسلم لیگ ( ن ) کو ایک اور جھٹکا .رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فیض الحسن کے بھائی نے مسلم لیگ سے اظہار لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے اپنے صاحبزادے کو اگلے الیکشن میں ایم این اے کا امیدوار نامزد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی و ایم این اے مسلم لیگ ن صاحبزادہ فیض الحسن کے بھائی سجادہ نشین حضرت خواجہ غلام حسن سواگ شریف خواجہ احمد حسن سواگ نے حکومت کی جانب سے ختم نبوت میں ترمیم کرنے پر مسلم لیگ ن سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے اپنے صاحبزادے صاحبزادہ محبوب الحسن کو ایم این اے کا امیدوار نامزد کر دیا ۔

گذشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب لکرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ ہمیشہ مسلم لیگ کا ساتھ دیا لیکن افسوس کہ موجودہ حکمرانوں نے اس مسئلہ کو چھیڑ کر امت مسلمہ کی دل آزاری کی جس کے باعث تکلیف پہنچی ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ راجہ ظفر الحق رپورٹ فوری منظر عام پر لایا جائے جب تک ذمہ داروں کا تعین کر کے سزا نہیں دی جاتی مسلم لیگ سے الگ رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم این اے صاحبزادہ فیض الحسن نے گزشتہ الیکشن کے موقع پر محبوب الحسن کو الیکشن لڑانے کا وعدہ کیا تھا جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ہم ان کو 2018 کے لئے امیدوار نامزد کر رہے ہیں اب انہیں چاہیے کہ وہ خاندان کو انتشار سے بچانے کے لئے ہمارا ساتھ دیں انہوں نے اعلان کیا کہ صاحبزادہ محبوب الحسن بطور چیئرمین اپنا استعفی 9 جنوری کو داتا دربار پر پیر حمید الدین سیالوی کو پیش کریں گے صاحبزادہ محبوب الحسن نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی عہدہ ناموس رسالت پر قربان ختم نبوت کے معاملہ پر پیر حمید الدین سیالوی اور علامہ خادم رضوی کے ساتھ ہیں فی الحال کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہورہا سیاسی جماعت میں شمولیت سمیت صوبائی امیدواروں کا فیصلہ دوستوں کی مشاورت سے کروں گا۔

اس موقع پر سابق چیئرمین ضلع کونسل صاحبزادہ نورالحسن،صاحبزادہ منظور الحسن ،صاحبزادہ افتخار الحسن صاحبزادہ فہیم الحسن موجود تھے ۔