وزیراعلیٰ بلوچستان کی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 1 پولیس اہلکار کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہا ر

ہفتہ 6 جنوری 2018 22:34

وزیراعلیٰ بلوچستان کی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 1 پولیس اہلکار کی ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سریاب فلائی اوور کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کی شہادت اور ایک کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور اہلکاران اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، شہداء کی ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری بہادر فورسز دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہی ہے اور بچے کچھے دہشت گردوں کو بہت جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے فائرنگ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکار کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ، انہوں نے زخمی ہونے والے اہلکار کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی اور زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔