پاکستان میں ہر اس شخص کے لیے مواقع ہیں جو خوشحالی و ترقی کے خواب دیکھتا ہے ، خوابوں کو حقیقت بنانے کیلئے اپنی صلا حیتوں کا محنت کے ساتھ استعمال کرتا ہے ، کامیاب گریجوئیٹ اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرکے دکھی انسانیت کی خدمت کو مقصد بنائیں

ایٹمی سائنسدار ڈاکٹر عبدالقدیر خا ن کا شفاتعمیر ملت یونیورسٹی کنووکیشن سے خطاب

ہفتہ 6 جنوری 2018 22:31

پاکستان میں ہر اس شخص کے لیے مواقع ہیں جو خوشحالی و ترقی کے خواب دیکھتا ..
سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2018ء) پاکستان کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدار ڈاکٹر عبدالقدیر خا ن نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر اس شخص کے لیے مواقع ہیں جو خوشحالی اور ترقی کے خواب دیکھتا ہے اور خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے اپنی صلا حیتوں کا محنت کے ساتھ استعمال کرتا ہے، کامیاب گریجوئیٹ ملک وقوم کی خدمت کیلئے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کریں اور طب کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے دکھی انسانیت کی خدمت کا مقصد بنائیں ۔

وہ شفاتعمیر ملت یونیورسٹی کے کنووکیشن کے حاضرین سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کامیاب طلبہ کو نصیحت کی کہ کوشش کرتے رہیں تاکہ پاکستان کو تعلیمی میدان میں دنیا بھر میں ایک ممتاز مقام حاصل ہو،اس کے لیے ہمارے طلبہ اور اساتذہ کو خود اس قابل بنانا ہو گا کہ وہ دنیا میں کہیں بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے شفا یونیورسٹی کی کادکردگی اور معیار تعلیم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ یونیورسٹی نے ہائرایجوکیشن کے پیشہ ورانہ معیار کے مطابق اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،شفاتعمیر ملت یونیورسٹی کے اس کنووکیشن سے ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی خطاب کیا،کامیاب گریجوئیٹ طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیاب طلبہ کو چاہئے کہ وہ اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو ملک کی تعمیر وترقی کے لیے استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ صداقت ،دیانت ،وقار اور ملک سے وفاداری سے آپ کو آراستہ ہونا چاہئے،شفا تعمیر ملت یونیورسٹی کے کنووکیشن میں 213گریجوئیٹس کو ڈگریاں دی گئیں جن میں 102 ایم بی بی ایس طلبہ ،06نے ماسٹر ان نرسنگ،37نے بیچلر ان نرسنگ ،38نے Post-RN Student،11طلبہ نے ایم بی اے اور 19طلبہ نے میڈیکل ٹیکنالوجی کی اسناد حاصل کیں ۔علاوہ ازین اعلیٰ کارکردگی کی بنیاد پر ایم بی بی ایس کے تین طلبہ کو پانچ گولڈمیڈلز سے نوازا گیا جن میں ڈاکٹر سید علی رضا گیلانی کو 3 ، ڈاکٹر عائشہ حسن کو 1اور ڈاکٹر محمد فیضان خالد کو 1گولڈ میڈل کا حقدار قرار دیا گیا ۔

اسی طرح ایک گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل ماسٹر آف سائنس ان نرسنگ ،چار ایم بی اے اور دو ایسوسی ایٹ آف سائنس ان میڈیکل ٹیکنالوجی کے طلبہ نے حاصل کیے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اقبال نے جہاں ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ڈاکٹر مختار اور دیگر معززین کا خیر مقدم کیا وہیں کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نصیحت کی کہ یہ کامیابی آخری نہیں بلکہ اصل کامیابی کی طرف پہلا قدم ہے ۔آج جو حلف انہوں نے اٹھایا ہے لازم ہے اس کی پاسداری کرتے ہوئے ملک وقوم کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں کہ ملک کی ترقی اور قوم کی خوشحالی بھی ہمارا مشن ہے۔

متعلقہ عنوان :