وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت علماء کنونشن کا مشترکہ اعلامیہ

ہفتہ 6 جنوری 2018 22:07

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت علماء کنونشن کا مشترکہ ..
لاہور۔6 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت ایوان وزیراعلی میں حکومت پنجاب کے زیراہتمام ’’علماء کنونشن‘‘ منعقد ہوا جس میں وطن عزیز کی نمائندہ علمی اور معتبر دینی شخصیات نے شرکت کی۔ علماء کنونشن کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ’’ پاکستان کے قیام اور اس کے استحکام میں علماء کرام اور اکابر دینی شخصیات کا کردار ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔

وطن عزیز کے معروضی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ علماء کرام اور اکابر دینی و روحانی شخصیات قومی یکجہتی، ملکی استحکام، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مجموعی امن و امان کے قیام کو مستحکم رکھنے کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی اور کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ہم حکومت پنجاب کی وساطت سے پوری قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ محراب و منبرکے دفاع وطن اور قومی و ملی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ہم ضرورت پڑنے پر پوری قوم کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحدہ و متفق کھڑے ہوں گے۔

خاتم النبینؐکی رسالت پر ایمان اور آپؐ کی ذات اقدس سے لازوال محبت و کامل اطاعت ہمارے دینی تشخص، اجتماعی بقا اور ملی استحکام کی بنیاد ہے۔ آپؐ کی ختم نبوت پر غیر متزلزل یقین ہمارے ایمان کا ناگزیر جزو اور پاکستان کے 20 کروڑ مسلمانوں کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ موجودہ پارلیمان او رحکومت وقت اس کی حفاطت کے لئے ہمہ وقت کمربستہ ہے -یقینا وطن عزیز اس وقت اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزر رہا ہے۔

مشکل کی اس گھڑی میں ہم صبر، حوصلے اور تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنا کر اسے مضبوط اور مستحکم کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ خدائے بزرگ و برتر سے دعا ہے کہ وہ ہمارے پیارے وطن پاکستان کی حفاظت فرمائے اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنے کی ہماری ان کوششوں کو ثمر بار فرمائے۔

متعلقہ عنوان :