گورنر سندھ محمد زبیر نے چار روزہ انٹر نیشنل میڈیا کا نفرنس کا افتتاح کردیا

کانفرنس میں امریکہ، چین، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، ایران، ملائیشیا، افغانستان، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے مندوبین کی شرکت

ہفتہ 6 جنوری 2018 21:37

گورنر سندھ محمد زبیر نے چار روزہ انٹر نیشنل میڈیا کا نفرنس کا افتتاح ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن کی جانب سے منعقد کی جانے والی انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس کا افتتاح کردیا ہے۔ کانفرنس میں امریکہ، چین، کینیڈا ، برطانیہ ، فرانس ، آسٹریلیا ، ایران ، ملائیشیا ،افغانستان ، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی میڈیا ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کی چیئر پرسن دردانہ شہاب ، صدر ظہیر خان ، جنرل سیکریٹری امین یوسف ، سینئر نائب صدر مقتدیٰ منصور اور پی ایم ڈی ایف کے دیگر عہدیدارسمیت مختلف ممالک سے آنے والے صحافی بھی موجود تھے۔ گورنر ہائوس سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ نے کہا کہ عالمی سطح کے پروگرامز کے تسلسل سے انعقاد اور بیرون ممالک سے لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان باالخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام پر دنیا کا واضح اعتماد کا مظہر ہے اس ضمن میں پاکستان کے حقیقی تاثر کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کے لئے میڈیا کانفرنس اہم ثابت ہوگی، غیر ملکی میڈیا کے نمائندے پاکستان، صوبہ باالخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کا جائزہ لینگے، شہر میں جاری معاشی، اقتصادی، تجارتی، سماجی، ثقافتی، ادبی اور کھیلوں سمیت دیگر سرگرمیوں کے مشاہدہ کرنے سے صحافیوں کو اپنے ممالک میں پاکستان کے اصل حقائق بیان کرنے میں آسانی ہوگی، کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی صحافی ہمارے مہما ن ہیں انہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہم کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے با الکل مختلف پر امن اور خوشحالی کی سمت گامزن ہے، آج ہر شعبہ میں مثبت نتائج ظاہر ہو رہے ہیں ، لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہیں ، حکومت امن و امان اور توانائی بحران کے خاتمہ کے بعد سماجی شعبہ کی ترقی اور انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی پر بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، حکومت وفاق ہی نہیں بلکہ پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے ۔

اس ضمن میں وفاقی حکومت صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور تعاون، مدد اور معاونت بھی فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں موجودہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا اس وقت ملک کے دو بڑے چیلنجز امن و امان اور بجلی بحران درپیش تھے اس ضمن میںحکومت نے انرجی بحران کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ امن و امان کے قیام پر خصوصی توجہ دی باالخصوص کراچی میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت کے بعد بلا تفریق و دبائو آپریشن شروع کیا یہ ایک انتہائی مشکل فیصلہ تھا لیکن پاک فوج ، رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے پناہ قربانیاں دیکر امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں تسلسل کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، آپریشن کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کے لئے بھرپور ترقیاتی کاموں پر کام تیزی سے جاری ہے ، حکومت شہر میں عالمی طرز کے کھیلوں کے مقابلوں، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کی بحالی کے لئے بھرپور توجہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مقابلوں کے لئے کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور بھرپور سیکورٹی بھی فراہم کی جارہی ہے اس ضمن میں 8 جنوری 2018 ء تک جاری رہنے والی انٹر نیشنل میڈیا کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے ، جس سے پوری دنیا میں پاکستان با الخصوص کراچی شہر کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ پر امن پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہے ،ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں سے ہی شہر کا دنیا بھر میں اصل تاثر اجاگر کرنے میں مدد مل سکتی ہے ، اس ضمن میں دنیا بھر میں منعقد ہ روڈ شوز میں بھی غیر ملکیوں کو پاکستان کے اصل حقائق سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ غیر ملکیوں کے اعتماد میں اضافہ ہو سکے ، روڈ شوز میں غیر ملکیوں نے پاکستان کے اصل حقائق کے آگاہی کے بعد کہا کہ سرمایہ کاری کے لئے پاکستان دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صحافی جم بوئیلا نے کہا کہ انہیں پاکستان آمد پر بہت زیادہ خوشی ہے کیونکہ پاکستان اور خصوصاً کراچی کے بارے میں مغربی دنیا میں جو تاثر موجود ہے حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی بہت مہمان نواز اور امن پسند ہیں اور ایک قوم کی حیثیت سے دنیا میں امن قائم کرنے میں ان کا بہت بڑا کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں جب بھی موقع ملا وہ بخوشی پاکستان آئیں گے۔ اس موقع پر فائونڈیشن کی چیئر پرسن دردانہ شہاب ، سیکریٹری جنرل امین یوسف اور صدر ظہیر خان نے کانفرنس کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غیرملکی صحافیوں کی آمد کو پاکستان کے امیج کی بحالی میں ایک مثبت کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے قلم کے ذریعہ دنیا کو پاکستان کی اصل صورتحال سے آگاہی حاصل ہوگی۔

دریں اثناء گورنر سندھ محمد زبیر سے انٹر نیشنل میڈیا کا نفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی صحافیوں نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میںجاری صورتحال ، امن و امان ، معاشی خوشحالی کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات، سیاسی ، سماجی ، ثقافتی اور صحافتی آزادی ، پاکستان کے اصل حقائق اور دنیا بھر میں پھیلائے جانے والے منفی تاثر سمیت اہمیت کے حامل دیگر امو ر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستانی میڈیا ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے عہدیداران سمیت امریکہ، چین، کینیڈا ، برطانیہ ، فرانس ، آسٹریلیا ، ایران ، ملائیشیا ،افغانستان ، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے صحافی شریک تھے۔گورنر سندھ نے کہا کہ مہمان صحافی پاکستان کے اصل حقائق کواپنے ممالک میں اجاگر کریں ، پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے، جمہوریت کے قیام اور تسلسل میں صحافت کا کلیدی کردار ہے، جمہوریت پسند صحافیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کے لئے پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں لیکن انھیں بھرپور طریقہ سے سراہا نہیں گیا، دہشت گردی کی عالمی جنگ میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ ا، ہزاروںافراد جاں بحق اور اس سے کہیں زیادہ زخمی اور معذور ہوئے، لاکھوں افراد گھر سے بے گھر ہوئے اور ان کے کاروبار بھی تباہ ہوئے لیکن موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کرکے امن و امان کو یقینی بنایا۔

ملاقات میں غیر ملکی صحافیوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پاکستان آکر انہیں بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے ،یہاں کے حالات تو بہت اچھے ہیں، پاکستانی مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں لیکن بد قسمتی سے پاکستان کے اصل حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے ، آج کا پر امن پاکستان خوشحالی کی جانب رواں دواں ہے ، پاکستان آکر ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم اپنے ہی ملک میں گھوم رہے ہیں۔