اصغر خان 17جنوری 1921ء کو جموں و کشمیر کے فوجی گھرانے میں پیدا ہوئے،

قوم کیلئے خدمات کے اعتراف میں پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کا نام ایئر مارشل ( ریٹائرڈ ) اصغر خان کے نام سے منسوب کیا گیا

ہفتہ 6 جنوری 2018 21:11

اصغر خان 17جنوری 1921ء کو جموں و کشمیر کے فوجی گھرانے میں پیدا ہوئے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2018ء) شہرہ آفاق ایئر مارشل ) ریٹائرڈ ) اصغر خان جو جمعہ کو ہم سے بچھڑ گئے تھے ، 17جنوری 1921ء کو جموں و کشمیر میں مخصوص فوجی روایات کے حامل گھرانے میں پیدا ہوئے ۔ ایچی سن کالج لاہور سے اپنی تعلیم مکمل کرنے بعد انہوں نے 1940ء میں رائل انڈین ایئر فورس میں شمولیت اختیار کی ۔ انہوں نے دوسری جنگ عظیم کے دوران برما میں بطور کم عمر ترین لڑاکا ہوا باز حصہ لیا، قیام پاکستان کے بعد وہ رائل پاکستان ایئر فورس میں منتقل ہوگئے اور رائل پاکستان ایئر فورس کالج رسالپور کے پہلے کمانڈنٹ مقرر ہوئے ۔

ا صغر خان نے آزادی کے فوراً بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان چھڑنے والی کشمیر کی جنگ میں موثر طورپر حصہ لیا۔ ایئر مارشل اصغر خان کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے رائل پاکستان ایئر فورس کے تربیتی سکول رسالپور کے اپریل 1948ء کے تاریخی دورے کے موقع پر استقبال کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

36برس کی عمر میں وہ جولائی 1957ء میں پاکستان ایئر فورس کے پہلے کم عمر ترین پاکستانی کمانڈر انچیف بننے ۔

ایئر فورس کے کمانڈر انچیف کے طور پر ایئر مارشل اصغر خان نے پی اے ایف کو جدید ترین ایئر فورس میں تبدیل کیا اور پی اے ایف میں نئے جیٹ ، لڑاکا ، بمبار ، تربیت کار ، ٹرانسپورٹ طیارے اور ہیلی کاپٹر شامل کئے ۔ ان کی کمان کے دوران پاکستان ایئر فورس میں جدید ایف 86سیبرز ،ٹی 33تربیتی ، ٹی 37،بی 57بمبار ، ایف 104، سٹار فائٹرز اور منفرد سی130ہرکولیس طیاروں سمیت مختلف جدید طیارے شامل کئے گئے۔

ایئر مارشل ) ریٹائرڈ ) اصغر خان نے کئی فائٹرز تربیتی پروگرام اور حربی کورس بھی متعارف کروائے تاکہ ہوابازوں کو جدید فضائی حربی تربیت دی جا سکے ۔ پاکستان ایئر فورس میں رہتے ہوئے قوم کے لئے ان کی خدمات کے اعتراف میں پی اے ایف اکیڈمی رسالپور کا نام 2017ء میں ایئر مارشل ( ریٹائرڈ ) اصغر خان کے نام سے منسوب کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :