کراچی میں فراہمی نکاسی آب کا مسئلہ نیا نہیں ہے جو آج مسیحا بنے ہوئے ہیں وہ ہی مسائل کے ذمہ دار ہیں، وزیراطلاعات سندھ

مصطفی کمال نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اراضی پرقبضہ سے متعلق سپریم کورٹ میں غلط بیانی کی، سندھ کابینہ نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ونکاسی آب سے متعلق کئی منصوبے منظورکرلیے ہیں، سید ناصر شاہ مریم نواز اپنی ٹیم سندھ میں بھیجیں،ان کی ٹیم سکھر سے سروے شروع کرے ہر اسپتال کا دورہ کرے حقائق سامنے آجائیں گے، میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 6 جنوری 2018 20:46

کراچی میں فراہمی نکاسی آب کا مسئلہ نیا نہیں ہے جو آج مسیحا بنے ہوئے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جنوری2018ء) سندھ کے وزیراطلاعات سیدناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ کراچی میں فراہمی نکاسی آب کا مسئلہ نیا نہیں ہے جو آج مسیحا بنے ہوئے ہیں وہ ہی مسائل کے ذمہ دار ہیں اوراب مگر مچھ کے آنسو بہارہے ہیں مصطفی کمال نے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اراضی پرقبضہ سے متعلق سپریم کورٹ میں غلط بیانی کی، سندھ کابینہ نے پینے کے صاف پانی کی فراہمی ونکاسی آب سے متعلق کئی منصوبے منظورکرلیے ہیں،مریم نواز اپنی ٹیم سندھ میں بھیجیں،ان کی ٹیم سکھر سے سروے شروع کرے ہر اسپتال کا دورہ کرے حقائق سامنے آجائیں گے۔

وفاقی حکومت سندھ میں مسائل پیدا کررہی ہے، ہم نے عدالتوں کے فیصلے پر عمل کرکے 22 گریڈ کے افسران کے نام وفاق کوارسال کیے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کو سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ناصرشاہ نے کہا کہ عدالت عظمی نے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق رپورٹ چارہفتوں میں جمع کرانے کوکہا تھا جس پرسندھ کابینہ نے آج تفصیلی غورکیا ہے اور کئی منصوبے منظور کیے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت سپریم کورٹ میں تفصیلی جواب جمع کرائے گی ۔صوبائی وزیراطلاعات نے کہاکہ پینے کے صاف پانی، سیوریج کی اسکیمز پورے سندھ کے لیے بنادی ہیں،ماضی میں کے فور اور ایس تھری منصوبوں کے تخمینے درست نہیں لگائے گئے کے فورمنصوبے کی لاگت 37 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ جو آج مسیحا بنے ہوئے ہیںوہی مسائل کے ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹریٹمنٹ پلانٹ ٹو کی زمینوں پر قبضہ کرایا گیا، مگرسابق ناظم کراچی مصطفی کمال سپریم کورٹ میں جھوٹا بیان دیکر آئے ۔ اس موقع پرسندھ کے وزیراطلاعات نے سیاسی مخالفین کی تنقید کا بھی بھرپورجواب دیا۔ انہوں نے کہاکہ مریم نواز اپنی ٹیم سندھ میں بھیجیں،ان کی ٹیم سکھر سے سروے شروع کرے ہر اسپتال کا دورہ کرے حقائق سامنے آجائیں گے۔

انہوں نے مریم نوازکو مریم آپا قراردیتے ہوئے کہاکہ وہ جو مرضی چاہیں کہہ دیں۔ ناصر حسین شاہ نے کہاکہ مریم آپا بتائیں اس دور حکومت میں پنجاب میں کتنے اسپتال بنائے گئے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ کا معاملہ کافی عرصے سے چل رہاہے، سندھ حکومت نے نام بھیجے ہیں اب وفاق کو اس پر عمل کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت سندھ میں مسائل پیدا کررہی ہے، ہم نے عدالتوں کے فیصلے پر عمل کرکے 22 گریڈ کے افسران کے نام وفاق کوارسال کیے۔آئی جی سندھ کے لیے ہمارے بھیجے گیے 3 نام درست تھے جب فیصلہ ہوا ہے کہ 22 گریڈ کے پولیس افسر کا تقرر کیا جائے تو سندھ حکومت کے بھجوائے گئے تین ناموں سے کسی گریڈ 22 کے کسی ایک پولیس افسر کو تعینات کرنے میں کیاقباحت ہے۔