ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن کو مردم شماری کا ڈیٹا کی جلد فراہمی کیلئے ملازمین کی ہفتہ کی چھٹی منسوخ کر دی

ہفتہ 6 جنوری 2018 14:10

ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن کو مردم شماری کا ڈیٹا کی جلد فراہمی کیلئے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2018ء) ادارہ شماریات نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مردم شماری کا مکمل ڈیٹا کی جلد فراہمی کیلئے کام تیز کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام ملازمین کی ہفتہ کے روز ہونے والی چھٹی بھی منسوخ کر دی گئی ہے ۔ وفاقی چیف شماریات ڈاکٹر سجاد نے 10 جنوری تک الیکشن کمیشن کو تصدیق شدہ ڈیٹا فراہم کرنے کے لئے ہیڈ کوارٹر شماریات کے ملازمین کی ہفتہ کو چھٹی بھی غیر معینہ مدت کے لئے منسوخ کر دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) رضا خان نے وفاقی وزیر شماریات کامران مائیکل کو 10 جنوری تک نقشہ جات اور شماریاتی بلاکس سمیت مردم شماری کا مکمل تصدیق شدہ ڈیٹا فراہم کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے جس کے بعد جمعہ کے روز وفاقی چیف شماریات ڈاکٹر سجاد نے ایک مراسلہ جاری کیا جس میں ادارے کے ایڈیٹنگ کوڈنگ اور ڈی پی سنٹر سمیت دیگر سیکشنوں کے ملازمین کو ہدایت کی گئی کہ وہ ہفتہ کے روز بھی ہیڈکوارٹر شماریات میں آ کر اپنے فرائض کو انجام دیں ۔ ۔