گورنر پنجاب نے جامعہ گجرات کی مختلف فیکلٹیوں میں فیکلٹی ڈین کی تقرری کی منظوری دے دی

جمعہ 5 جنوری 2018 23:18

گورنر پنجاب نے جامعہ گجرات کی مختلف فیکلٹیوں میں فیکلٹی ڈین کی تقرری ..
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جنوری2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے جامعہ گجرات کی مختلف فیکلٹیوں میں فیکلٹی ڈین کی تقرری کی منظوری دیتے ہوئے ان کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ ترجمان جامعہ گجرات کے مطابق جامعہ گجرات میں پانچ فیکلٹی ڈین کی تقرری و تعیناتی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ احکامات کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک کو ڈین فیکلٹی برائے سائنسز ، پروفیسر ڈاکٹر فریش اللہ یوسفزئی کوڈین فیکلٹی برائے آرٹس ، پروفیسر ڈاکٹر فوزیہ مقصود کو ڈین فیکلٹی برائے سوشل سائنسز ، پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کو ڈین فیکلٹی برائے انجینئرنگ و ٹیکنالوجی اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان کو ڈین فیکلٹی برائے مینجمنٹ و ایڈمنسٹریٹوسائنسز تعینات کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

مزید براں چانسلر / گورنر پنجاب نے پروفیسر ڈاکٹر محمد فہیم ملک ، پروفیسر ڈاکٹر فریش اللہ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کو یونیورسٹی سنڈیکیٹ میں بطور ڈین فیکلٹیز ممبر بھی تعینات کیا ہے۔ وائس چانسلر جامعہ گجرات پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے مختلف فیکلٹی ڈین کی تقرری و تعیناتی کے سلسلہ میں ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام ڈینوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ جامعہ گجرات کو اپنی اعلیٰ علمی و تدریسی سرگرمیوں کی بنا پر پاکستانی جامعات میں اہم مقام حاصل ہے ۔ طلبہ کو جدید خطوط پر استوار نظام تعلیم و تربیت کے ذریعے اعلیٰ تدریسی سہولیات فراہم کرتے ہوئے ان کی عملی کامیابی ہمارا اولین مطمع نظر ہے۔ مجھے واثق امید ہے کہ مختلف فیکلٹی ڈین اپنے شعبہ جات کی بہترین راہنمائی کا فریضہ سر انجام دیتے ہوئے نوجوان طلبہ کے تعلیمی و علمی مستقبل کو کامیاب و کامران بنانے کے لیے اپنی پر خلوص خدمات کو یقینی بنائیں گے۔

نوجوان طلبہ ہمارا بہترین قومی اثاثہ ہیں اور انہیں علمی و عملی مہارتوں سے آراستہ کرتے ہوئے قومی قیادت کے فریضہ کو بطریق احسن نبھانے کے لیے تیار کرنا جامعات کا معتبر فریضہ ہے۔ خصوصی اجلاس میں رجسٹرار جامعہ گجرات ڈاکٹر طاہر عقیل اور مختلف شعبہ جات کے چیئر پرسن و صدور و ڈائریکٹروں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے تمام فیکلٹی ڈینوں کو ان کی تقرری پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور انہیں اپنی بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :