گورنر سندھ محمد زبیر سے انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی صحافیوں کی ملاقات

پرامن پاکستان معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے، مہمان صحافی پاکستان کے اصل حقائق کو اپنے ممالک میں اجاگر کریں۔ گورنر سندھ پاکستان کے حالات بہت اچھے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کے اصل حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ غیر ملکی صحافی

جمعہ 5 جنوری 2018 23:16

گورنر سندھ محمد زبیر سے انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس میں شرکت کے لئے آنے والے غیر ملکی صحافیوں نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں جاری صورتحال، امن و امان، معاشی خوشحالی کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات، سیاسی، سماجی، ثقافتی اور صحافتی آزادی، پاکستان کے اصل حقائق اور دنیا بھر میں پھیلائے جانے والے منفی تاثر سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستانی میڈیا ڈیویلپمنٹ فائونڈیشن کے عہدیداران سمیت امریکہ، چین، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا، ایران، ملائیشیا، افغانستان، انڈونیشیا اور دیگر ممالک کے صحافی شریک ہیں۔ ملاقات میں گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ پرامن پاکستان معاشی خوشحالی کی سمت گامزن ہے، مہمان صحافی پاکستان کے اصل حقائق کو اپنے ممالک میں اجاگر کریں، پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے قیام اور تسلسل میں صحافت کا کلیدی کردار ہے، جمہوریت پسند صحافیوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، عالمی امن کے لئے پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں لیکن انہیں بھرپور طریقے سے سراہا نہیں گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دہشت گردی کی عالمی جنگ میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، ہزاروں افراد جاں بحق اور اس سے کہیں زیادہ زخمی اور معذور ہوئے۔

لاکھوں افراد بے گھر ہوئے اور ان کے کاروبار بھی تباہ ہوئے، موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کرکے امن و امان کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے انرجی بحران کے خاتمے کے بعد طلب سے زائد بجلی حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔ صوبہ میں امن و امان کے بعد معاشی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سماجی سرگرمیاں جاری ہیں۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ حکومت سماجی شعبہ کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے مزید فروغ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اس موقع پر غیر ملکی صحافیوں نے کہا کہ پاکستان آکر بے حد خوشی ہوئی، یہاں کے حالات تو بہت اچھے ہیں، پاکستانی مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان کے اصل حقائق کو غلط انداز میں پیش کیا جاتا ہے، پرامن پاکستان خوشحالی کی جانب رواں دواں ہے، پاکستان آکر ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے ہم اپنے ہی ملک میں گھو م رہے ہیں۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس 5 سے 8 جنوری 2018ء تک جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :