وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس‘

کراچی سے لاہور آر ایل این جی III کے یومیہ 1.2 ارب کیوبک فٹ گنجائش کے پائپ لائن منصوبے کے فنانسنگ پلان کی منظوری

جمعہ 5 جنوری 2018 23:08

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس نے کراچی سے لاہور آر ایل این جی III کے یومیہ 1.2 ارب کیوبک فٹ گنجائش کے پائپ لائن منصوبے کے فنانسنگ پلان کی منظوری دے دی جو ایس ایس جی سی ایل اور ایس این جی پی ایل کی طرف سے شروع ہوگا۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو یہاں وزیراعظم دفتر میں منعقد ہوا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ منصوبے کے لئے سرکاری‘ نجی شراکت داری کے امکانات کا بھی جائزہ لے۔ایس ایس جی سی ایل کو آرم I-X سے 10 ملین مکعب فٹ یومیہ اور آرم ویسٹ I-X سے 18 ملین مکعب فٹ یومیہ مختص کرنے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جامشورو کے مقام پر 660 میگاواٹ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے دو منصوبوں کی تعمیر کے لئے 39 ہزار ملین روپے کے حکومت پاکستان کی گارنٹی کے اجراء کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

یہ منظوری منصوبے کی ڈیمانڈ اور سپلائی کے حوالے سے این ٹی ڈی سی کے پیش کردہ اعداد و شمار کی تھرڈ پارٹی جائزہ اور تصدیق کے بعد دی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 8 جنوری 2018ء سے موثر درآمدی کاٹن پر سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی واپس لینے کی بھی منظوری دی۔ وزیراعظم اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے سیکرٹری خزانہ شاہد محمود کی حکومت پاکستان کے لئے شاندار خدمات کو بھی سراہا جو 6 جنوری 2018ء کو ملازمت سے ریٹائر ہوں گے۔