قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے نئے پاکستان کی تعمیر کی، فریال تالپور

ملک آج سنگین صورتحال میں گھرا ہوا ہے، خواتین پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں،خطاب

جمعہ 5 جنوری 2018 23:07

قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے نئے پاکستان کی تعمیر کی، فریال تالپور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی مسز فریال تالپور نے کہا ہے کہ قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے نئے پاکستان کی تعمیر کی ، شکست خوردہ قوم کو باوقار بنایااور عوام کو شعور اور بولنے کیلئے زبان دی۔ زرداری ہائوس اسلام آباد میں پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر پیپلزپارٹی شعبہ خواتین وسطی پنجاب کی خواتین سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ قائدعوام ذوالفقار علی بھٹو آج بھی زندہ ہیںجبکہ ان کے قاتلوں کو تاریخ نے نشان عبرت بنا دیا ہے۔

انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ پاکستان پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم پر جمع ہو کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک آج سنگین صورتحال میں گھرا ہوا ہے۔ اس صورتحال سے صرف پاکستان پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے۔ تقریب میں پیپلزپارٹی شعبہ خواتین پنجاب کی جنرل سیکریٹری نرگس فیض ملک، پلوشہ بہرام سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں بھی سالگرہ کی تقریب ہوئی جہاں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل سینیٹر فرحت اللہ بابر، سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک، سینیٹر ملک حاکمین خان، عامر فدا پراچہ، راجہ خرم پرویز اور دیگر نے سالگرہ کا کیک کاٹا۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی ایک اور تقریب پیپلزپارٹی سٹی اسلام آباد کے صدر شہزادہ افتخار کی طرف سے منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈویژنل صدر سردار سلیم حیدر، جنرل سیکریٹری راجہ خرم پرویز، ابرار رضوی، سید سبطل بخاری اوردیگر نے پارٹی کے بانی چیئرمین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔